کالعدم کمیٹی کی کال بے اثر،کشمیر میں کاروبار اورپہیہ چلتا رہا
میرپور، مظفرآباد، باغ، نیلم، کوٹلی، بھمبر ،حویلی میں شہریوں کی آمدورفت معمول کے مطابق رہی پرائیویٹ گاڑیاں ، پبلک ٹرانسپورٹ بھی رواں دواں، سکیورٹی اہلکار بھی الرٹ رہے
مظفرآباد (محمد اسلم میر) کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے 9ستمبر کو دی گئی شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال آزاد کشمیر بھر میں بے اثر رہی، میرپور، مظفرآباد، باغ، نیلم، حویلی، کوٹلی اور بھمبر سمیت مختلف اضلاع میں کاروباری مراکز اور بازار معمول کے مطابق کھلے رہے ، جبکہ پرائیویٹ گاڑیاں اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی رواں دواں رہی، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بلا تعطل جاری رہے ۔آزاد کشمیر کے مختلف شہروں اور قصبوں میں دکانیں، مارکیٹیں، ہوٹلز، ورکشاپس، سبزی منڈیاں، کریانہ سٹورز اور دیگر کاروباری مراکز کھلے رہے اور خرید و فروخت کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری رہا۔ شہریوںمعمول کی آمدورفت بھی کے مطابق رہی اور کہیں بھی بڑے پیمانے پر کاروباری سرگرمیوں میں خلل دیکھنے میں نہیں آیا۔میرپور ڈویژن میں ہڑتال کی کال کا اثر نہ ہونے کے برابر رہا۔ میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے بیشتر علاقوں میں بازار کھلے رہے اور تجارتی سرگرمیاں جاری رہیں۔ میرپور شہر کے نانگی، پرانیاں ہٹیاں، ایف ون، ایف ٹو، میگا مارٹ روڈ، چوک شہیداں، تھوتھال، کلیال اور پرانی چنگی سمیت اہم تجارتی مراکز میں کاروبار معمول کے مطابق جاری رہا۔
میرپور میں آٹو مارکیٹ، سبزی منڈی، کریانہ سٹورز، مارٹس، ہوٹلز اور ورکشاپس بھی کھلے رہے ، جبکہ شہر اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔ کوٹلی کے نکیال، کھوئی رٹہ، سہنسہ اور چڑھوئی سمیت مختلف علاقوں میں بھی بازار کھلے رہے اور کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں۔ ضلع بھمبر میں بھی ہڑتال کی کال بے اثر رہی اور مختلف بازاروں میں دکانیں کھلی رہیں۔ شہریوں اور تاجروں کی جانب سے معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کے باعث شہر میں زندگی معمول کے مطابق چلتی رہی۔مظفرآباد، نیلم، باغ اور حویلی کے مختلف علاقوں میں بھی کاروباری مراکز کھلے رہے اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں رہی۔ اہم شاہراہوں اور بازاروں میں شہریوں کی آمدورفت جاری رہی، جبکہ مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال بھی معمول کے مطابق رہی۔دوسری جانب ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ضروری انتظامات کئے گئے تھے ۔ حساس مقامات، اہم شاہراہوں دیگر اہم مقامات پر سکیورٹی اہلکار تعینات رہے جبکہ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جاتی رہی۔ شہریوں اور تاجر برادری نے کاروباری سرگرمیاں معمول پر رکھنے اور پرامن ماحول برقرار رکھنے پر حکومت آزاد کشمیر، ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ اور پولیس کے اقدامات کو سراہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments