سہیل آفریدی اور 8 پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے وارنٹ
گرفتار کر کے عدالت پیش کرنیکا حکم ، شاہد خٹک عامر ڈوگر،مینا خان بھی شامل 4 کارکنوں کا جوڈیشل ریمانڈ ،پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹس پر عمل تیز کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،نیوزایجنسیاں) انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی کے 8 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ملزموں کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمہ میں ارکان قومی اسمبلی شاہد خٹک، مولانا نسیم علی شاہ، عامر ڈوگر، عاطف خان، اقبال آفریدی اور اراکین صوبائی اسمبلی مینا خان، ڈاکٹر امجد، شفیع جان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جبکہ تھانہ رمنا کے مقدمہ نمبر 975/24 میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ، مینا خان آفریدی، شاہد خٹک اور شفیع جان کے نئے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ رمنا کو حکم دیا کہ چاروں ملزموں کو فوری گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
عدالتی حکم کے مطابق سہیل آفریدی، مینا خان آفریدی، شاہد خٹک اور شفیع جان کے خلاف دہشت گردی سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے ۔ادھر انسداددہشت گردی عدالت نے شاہراہ دستور پر احتجاج کیس میں پی ٹی آئی کے 4کارکنوں کو شناخت پریڈ کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پولیس کی جانب سے شناخت پریڈ کیلئے ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا منظور کی ۔ پی ٹی آئی کارکنوں کو تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمہ میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ دریں اثنا ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی گرفتاری کے بعد مختلف مقدمات میں مطلوب دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے پہلے سے جاری وارنٹ پر عملدرآمد تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نومبر 2024 کے ڈی چوک احتجاج سمیت مختلف مقدمات میں عدالتی وارنٹس کا سامنا کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا امکان ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے مطلوب رہنماؤں کی فہرست میں جنید اکبر، عبدالغنی، شبلی فراز، مراد سعید، زرتاج گل، عامر مسعود مغل، ڈاکٹر امجد علی، مینا خان آفریدی، علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کے نام شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments