شرح سود 11.5 فیصدبرقرار ،مہنگائی بڑھ گئی :سٹیٹ بینک

 شرح سود 11.5 فیصدبرقرار ،مہنگائی بڑھ گئی :سٹیٹ بینک

مشرقِ وسطیٰ تنازع سے سپلائی چین میں رکاوٹیں، بڑے خطرات کا سامنا:مانیٹری پالیسی کمیٹی شرح نمو 4.5 فیصد تک رہنے کا امکان ،مالیاتی پالیسی کا اعلان ،ساختی اصلاحات تیزکرنے پر زور

کراچی( کامرس رپورٹر)سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے پالیسی ریٹ11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا ،فیصلہ 10میں سے 7ارکان کی اکثریتی رائے سے کیا گیا ۔سٹیٹ بینک کے مطابق مشرقِ  وسطیٰ کے تنازع میں شدت کے باعث عالمی اجناس کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور سپلائی چین میں رکاوٹیں برقرار ہیں، تاہم ملکی معاشی اعداد و شمار مجموعی طور پر توقعات کے مطابق رہے ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی جولائی کے 9.2 فیصد سے بڑھ کر اگست میں 11.1 فیصد ہوگئی، جس کی بڑی وجہ غذائی اشیا، گندم اورمتعلقہ مصنوعات، خراب ہونے والی اشیا اور توانائی کی بلند قیمتیں ہیں۔ بنیادی مہنگائی 8.7 فیصد رہی۔

سٹیٹ بینک نے کہا کہ موجودہ زری پالیسی مؤقف مہنگائی کو درمیانی مدت میں 5 سے 7 فیصد کے ہدف تک لانے کے لیے موزوں ہے ،تاہم عالمی اجناس کی قیمتوں اورجغرافیائی سیاسی صورتحال کے باعث خطرات بڑھ گئے ہیں ۔سٹیٹ بینک کے مطابق موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بڑھا کر بی تھری کردی جبکہ پاکستان نے عالمی مارکیٹ سے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کے ذریعے حاصل کیے اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر 21.4 ارب ڈالر ہوگئے ۔ مالی سال 2027ء میں معاشی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد رہنے کا امکان ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ نجی شعبے کے قرضوں میں 13.4 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ 28 اگست تک براڈ منی کی نمو 11.6 فیصد رہی ،مالی سال 2026ء میں مالیاتی استحکام بجٹ ہدف سے بہتر رہا اور سٹیٹ بینک نے حکومت کو 1.9 کھرب روپے منافع منتقل کیا، جو بجٹ میں مقررہ 1.4 کھرب روپے سے زیادہ ہے ۔سٹیٹ بینک نے مہنگائی کے لیے عالمی اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، بجلی و گیس کے نرخوں میں تبدیلی، سپلائی میں رکاوٹوں اور غذائی قیمتوں کو بڑے خطرات قرار دیتے ہوئے مالیاتی و زری پالیسی میں احتیاط اور ساختی اصلاحات تیزکرنے پر زور دیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...