لبنانی وزیر داخلہ کی شہبازشریف، فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں
سزا یافتہ قیدیوں کی اپنے ملک سزا پوری کرنے سے متعلق ایم او یوپر دستخط چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر سے انڈونیشین بحریہ چیف کی بھی ملاقات
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار) لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں ، اس موقع پر قیدیوں کی منتقلی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔ وزیراعظم نے لبنانی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک میں دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے لبنانی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ دونوں جانب سے داخلی امور اور سکیورٹی میں بڑھتے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم نے لبنان کیخلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور اسرائیلی حملوں سے قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصان پر گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے مشکل وقت میں پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے لبنانی قیادت اور عوام سے بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی مستقل حمایت کا بھی یقین دلایا۔لبنانی وزیر داخلہ نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔۔
بعد ازاں وزیراعظم نے پاکستان اور لبنان کے درمیان سزا یافتہ افراد کی منتقلی سے متعلق ایم او یوپر دستخط تقریب میں بھی شرکت کی۔ جس پر پاکستان اور لبنان کے وزرائے داخلہ نے دستخط کیے ۔ ایم او یوکے تحت سزا یافتہ شہریوں کو باقی ماندہ سزا اپنے ملک میں مکمل کرنے کیلئے قانونی طریقہ کار فراہم کیا گیا ہے ۔دریں اثنا لبنانی وزیر داخلہ نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ اور پولیس لائنز کا دورہ کیا ، یادگار شہدا پر حاضری دی ، پریڈ کا معائنہ کیا۔ لبنانی وزیر داخلہ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کو انعامات تقسیم کیے ۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لبنان کے وزیرِ داخلہ احمد الحجار نے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی سکیورٹی صورتحال اوردوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق لبنانی وزیرِ داخلہ جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچے ۔۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں میں ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنایا جائے اور تعاون کو مزید بڑھایا جائے ۔فیلڈ مارشل نے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا اظہار کیا۔لبنانی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔مزید برآں انڈونیشین نیوی کے چیف ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے بھی جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل عاصم منیرسے ملاقات کی۔ دونوں جانب سے عسکری تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے ،پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی تعاون اور مشترکہ فوجی مشقوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیاگیا۔فیلڈ مارشل نے پاکستان اور انڈونیشیا میں دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کرتے کہا دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا ترجیحات میں شامل ہے ۔انڈونیشین چیف ایڈمرل نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کیلئے خدمات اور کردار کا اعتراف کیا۔ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ باہمی عسکری روابط کو مزید موثر بنایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments