ایک وفاقی وزیر صوبائی معاملے پر ہتھیار اٹھانے پر اکسا رہا ،نثار کھوڑو

 ایک وفاقی وزیر صوبائی معاملے پر ہتھیار اٹھانے پر اکسا رہا ،نثار کھوڑو

لاڑکانہ(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئین بنانے والی جماعت ہے ،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا، آئین ایک روڈ میپ ہے، اس لیے ملک کو آئین کے تحت چلایا جانا چاہئے۔

لاڑکانہ بار میں پیپلز لائرز فورم کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں آئین پر کئی حملے ہوچکے ہیں، بڑی جدوجہد کے بعد 18ویں ترمیم کے ذریعے آئین کو اصل حالت میں بحال کرایا گیا، جمہوری حکومتوں کو گھر بھیجنے والی شق 58 ٹو بی ختم کرائی گئی ، 18ویں ترمیم کے بعد حکومتیں اپنی مدت پوری کررہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا آئین کے تحت صوبے کی حدود میں تبدیلی اور نیا صوبہ بنانے کا اختیار دو تہائی اکثریت سے صوبائی اسمبلی کو حاصل ہے ، سندھ اسمبلی نے یہ اختیار استعمال کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کرکے نئے صوبے کو مسترد کرنے کا فیصلہ دے دیا ہے۔

اگر نئے صوبے بنانے ہیں تو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بنائے جائیں، اگر وہاں کی صوبائی اسمبلیاں نئے صوبے چاہتی ہیں، سندھ کو نیا صوبہ نہیں چاہئے ۔ انہوں نے کہا ایک جماعت کا وفاقی وزیر صوبے کے معاملے پر لوگوں کو ہتھیار اٹھانے پر اکسا رہا ہے ، اس کا یہ عمل حالات کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے ، جو وفاقی وزرا نئے صوبوں کی باتیں کر رہے ہیں وزیراعظم ان کا نوٹس کیوں نہیں لیتے ؟ ۔انہوں نے کہا گورننس بہتر ہوسکتی ہے ، اس کا مطلب یہ نہیں کہ نئے صوبے بنائے جائیں، اگر سندھ کی وحدت پر بری نظر نہیں رکھی جائے گی تو ہم بھی ان پر تنقید نہیں کریں گے ، لیکن اگر سندھ کے خلاف باتیں کی جائیں گی تو پھر بھرپور جواب بھی آئے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...