تیل قیمتوں کے اثرات سامنے آنے لگے،دالوں سمیت19اشیا مزید مہنگی
ڈیزل 7.29 فیصد، پٹرول 6.40،ایل پی جی 3.26 فیصد مہنگی ہوئی ، 9اشیا کی قیمتیں کم،23کی مستحکم رہیں لہسن ، دالیں، ڈبل روٹی، سرسوں کا تیل،مٹن مہنگا، ٹماٹر، پیاز ،مرغی سستی، ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سامنے آنے لگے ، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق 51 اشیائے ضروریہ میں سے 19 کی قیمتوں میں اضافہ، 9 میں کمی ہوئیں جبکہ 23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ایک ہفتے میں ڈیزل کی قیمت 7.29 فیصد، پٹرول 6.40 فیصد اور ایل پی جی 3.26 فیصد مہنگی ہوئی۔ لہسن کی قیمت میں 1.94 فیصد اور انڈے 1.72 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ چنے کی دال، مسور، مونگ کی دال، ڈبل روٹی، سرسوں کا تیل اور مٹن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ایک ہفتے میں کیلے 6.17 فیصد، ٹماٹر 5.66 فیصد، پیاز 4.57 فیصد اور مرغی 2.33 فیصد سستی ہوئی۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران ایل پی جی 60.42 فیصد، ڈیزل 54.21 فیصد اور پٹرول 48 فیصد مہنگا ہوا۔ کم آمدنی والے طبقے کے لیے بجلی کے نرخ 33.54 فیصد بڑھے ۔ رپورٹ کے مطابق مرچ پاؤڈر 16.37 فیصد، مٹن 15.86 فیصد، گائے کا گوشت 12.88 فیصد اور آٹا 33.27 فیصد مہنگا ہوا۔دوسری جانب آلو کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر 35.31 فیصد، چینی 20.95 فیصد، انڈے 19.31 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 15.26 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments