شہری آف لوڈ کیس، ہائیکورٹ ایف آئی اے حکام پربرہم

شہری آف لوڈ کیس، ہائیکورٹ ایف آئی اے حکام پربرہم

دوسرے ملک کی ہدایت پرعمل کیوں،یہاں پاکستان کاقانون چلے گا،جسٹس انعام ایڈیشنل ڈائریکٹرزنیرہ سے جواب طلب،شہری کوبیرون ملک جانے کی اجازت

اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکور ٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے شہریوں کو سفری پابندی کی فہرست میں شامل کرنے اور آف لوڈ کرنے سے متعلق کیس میں ایف آئی اے حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر زنیرہ سے ذاتی حیثیت میں جواب طلب کرلیا اور ریمارکس دیئے کہ جو لوگوں کو غیر قانونی طور پر آف لوڈ کرتا ہے ، اس کے خلاف سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو لکھوں گاکہ ملوث افسر کی ترقی روک لی جائے ،گزشتہ روز شہری رب نواز کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالتی طلبی پر ایف آئی اے کی ایڈیشنل ڈائریکٹر زنیرہ عدالت پیش ہوئیں، جسٹس انعام امین منہاس نے درخواست گزار کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا آپ بیرون ملک جائیں، کسی نے روکا تو دیکھ لیں گے ، آپ کا کیس زیرِ التوا رہے گا، جبکہ عدالت نے ایف آئی اے حکام پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر زنیرہ کو ذاتی حیثیت میں جواب جمع کروانے کی ہدایت کی، ایف آئی اے حکام کی جانب سے ایمبیسی کا حوالہ دینے پر جسٹس انعام امین منہاس برہم ہوئے اور کہا کسی دوسرے ملک یا ایمبیسی کی ہدایات پر آپ عمل کریں گے ، مت بتائیں، یہ دنیا کا قانون ہے ، یہاں پاکستان کا قانون چلے گا، وہ بتائیں کہ کیوں لوگوں کو روکتے ہیں، جس کے پاس پاسپورٹ، ویزا اور ریٹرن ٹکٹ ہو، اس کو آپ کیسے آف لوڈ کرتے ہیں، میں ڈی جی کو بلاؤں گا اور ان سے کہوں گا کہ آ کر بتائیں کہ یہ کون سے ایس او پیز ہیں جو قانون سے بالاتر ہیں،عدالت نے مزیدسماعت 24 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...