فیول ریلیف سکیم میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں :طارق فضل
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ امریکا ایران جنگ کے بعد پوری دنیا مشکلات کا شکار ہوئی۔
حکومت نے اس صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے موٹر سائیکل، چنگ چی اور 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں، فیول ریلیف سکیم کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ، مسلح جتھوں کے ہمراہ اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا ،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی بھی مارچ کبھی پرامن نہیں رہا، مارچ پرتشدد ہونے پر کہا جاتا ہے کہ ان لوگوں کا ہم سے کوئی تعلق نہیں ۔ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت نے عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے اہم فیصلے کئے ہیں کیونکہ امریکا ایران جنگ کے باعث ہمارا خطہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے ، عالمی حالات کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، اس مشکل صورتحال میں وزیراعظم کی طرف سے فیول ریلیف سکیم کا اعلان کیا گیا ،انہوں نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز کے خدشات اور تحفظات کو بھی دور کر دیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments