کراچی پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث ’’پنکی 2‘‘گینگ پکڑ لیا

کراچی پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث ’’پنکی 2‘‘گینگ پکڑ لیا

دیور ذیشان اور بھابھی حرا شامل، 25 کروڑ روپے مالیت کی 19 کلو آئس برآمد کرلی گئی حرا کا مفرور شوہر، بیٹا بھی منشیات سپلائی میں ملوث، ڈی آئی جی ایسٹ،پریس کانفرنس

کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی میں منشیات کی ترسیل میں ملوث بڑے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے 19 کلو گرام آئس برآمد کر لی، جس کی مالیت 25 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار نے ایس ایس پی کورنگی فدا حسین کے ہمراہ ایس ایس پی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈسٹرکٹ کورنگی پولیس نے لانڈھی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی ترسیل میں ملوث خاتون سمیت دو ملزموں کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت حرا اور ذیشان کے نام سے ہوئی۔ ملزمان بھابھی دیور ہیں۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ حرا کی نند مہوش اس نیٹ ورک کی مبینہ سرغنہ ہے جو لاہور میں موجود ہے ۔ مہوش افغانستان سے آئس منگوا کر ملک کے مختلف شہروں میں سپلائی کراتی ہے ۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمہ حرا کا مفرور شوہر پرویز اور بیٹا بھی منشیات سپلائی میں ملوث ہیں۔ ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ گرفتار ملزمان مختلف علاقوں میں مکان کرائے پر لیتے اور وہاں سے منشیات کا نیٹ ورک چلاتے تھے ۔ ملزمان نے کوکین کوئن پنکی کی طرز پر صابر کوبرا 728 کے نام سے منشیات کا برانڈ بنارکھا تھا۔ ملزمہ حرا اپنے ساتھ موبائل فون نہیں رکھتی تھی بلکہ بیٹی کے موبائل فون پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے منشیات فروخت کیا کرتی تھی۔ ایس ایس پی کورنگی کا مزید کہنا تھا گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کے ساتھ ساتھ نیٹ ورک سے جڑے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ منظم منشیات فروش گروہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...