جماعت اسلامی کا لیوی کے خلاف ملک گیر جلسوں، دستخطی مہم کا اعلان

جماعت اسلامی کا لیوی کے خلاف ملک گیر جلسوں، دستخطی مہم کا اعلان

پرامن احتجاج پی ٹی آئی کا آئینی حق ،پختونخوامیں گورنرراج لگاتومذمت کرینگے

لاہور (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر جلسوں اور دستخطی مہم کا اعلان کرتے ہوئے حکومت پر واضح کیا کہ کارکن میدان میں موجود ہیں ، عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو لانگ مارچ کا آغاز ہوجائے گا۔ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اقوام متحدہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر میں مسئلہ کشمیر و فلسطین کا تفصیلی ذکر نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹرمپ کو خوش کرنے کی بجائے حکمرانوں کو بھارت کی مقبوضہ وادی اور اسرائیل کی فلسطین میں جاری سفاکیت کے خلاف واضح اور دوٹوک موقف لینا چاہیے۔

جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کی قیادت بڑی تعداد میں قید ،ان کے دفاتر اور ادارے سِیل کردئیے گئے۔ وزیراعظم کی جانب سے یسٰین ملک اور بھارت کی جیلوں میں بند دیگر کشمیری رہنماؤں کا بھی تذکرہ نہیں کیا گیا۔ قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ ، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری ، سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی اور صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ روز لاہور میں جماعت اسلامی کا جلسہ روکنے کے لیے روایتی ہتھکنڈے استعمال کیے ، تاہم حکومتی رکاوٹوں اور غیر جمہوری رویے کے باوجود کارکن جلسہ گاہ پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

جلسے نے ثابت کردیا کہ جماعت اسلامی کے کارکن میدان میں موجود ہیں، عوامی مسائل کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ بدقسمتی سے سیاسی اور اپوزیشن جماعتیں عوامی مسائل پر بات نہیں کرتیں۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں کو دعوت دی کی عوام کے مسائل پر جماعت اسلامی کے دھرنوں اور جلسوں میں شرکت کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی چارسدہ، صوابی، کرک ، ساہیوال، سرگودھا، لاڑکانہ، حیدرآباد، سکھر ، کراچی اور دیگر شہروں میں جلسے کرے گی ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف وطن واپس آنے کے بعد جماعت اسلامی سے بات چیت کریں گے اور لیوی ختم کردیں گے ۔ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی باتوں پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی ایسے کسی بھی اقدام کی بھرپور مذمت کرے گی۔ پرامن احتجاج تحریک انصاف کا آئینی حق ہے اور جماعت اسلامی اس حق کی حمایت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم لیوی کا معاملہ آئینی عدالت میں لے کر گئی ہے تاہم جب عوام کے مسائل عدالتوں میں لے جائے جاتے ہیں تو ججز چھٹی پر چلے جاتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...