پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں آپریشن 75 کروڑ ڈالرز کی منشیات ضبط

پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں آپریشن  75 کروڑ ڈالرز کی منشیات ضبط

راولپنڈی (اے پی پی) پاک بحریہ کے جہازوں حنین اور یرموک نے بحیرہ عرب میں منشیات کے خلاف مشترکہ آپریشن کے دوران تقریباً 750 ملین ڈالر مالیت کی 2800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لے لیں۔

ہفتے کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی پریس ریلیز کے مطابق معمول کی گشت کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ایک مشکوک کشتی کو روکا اور تلاشی کے دوران اس کے خفیہ خانوں سے منشیات برآمد کیں ۔چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کو سراہا اور سمندری تحفظ نیز سمندر کے راستے غیر قانونی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کامیاب کارروائی پر پاک بحریہ کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے منشیات قبضے میں لینے پر افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مستعدی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری حدود اور بحری راستوں کی حفاظت کے لئے قابلِ قدر کردار ادا کر رہی ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شر یف نے پاکستان نیوی کے افسران اور جوانوں کو کامیاب کارروائی پر مبارکباد دی اور پاکستان نیوی کے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور نگرانی کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کے خلاف پاکستان نیوی کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن میں حصہ لینے والی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کے خلاف پاکستان نیوی کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...