اٹک پل کھل گیا،پشاور، اسلام آباد جی ٹی روڈ پر ٹریفک بحال
پل سے رکاوٹیں ہٹانے ،پولیس پر پتھرا ؤکے الزام میں 250افرادکیخلاف مقدمہ موٹروے ایم ون تاحال بند ،جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس بھی مکمل بحال
اسلام آباد(اے پی پی ،دنیانیوز) پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مارچ کے چار اکتوبر تک موخر ہونے کے بعد اتوار کے روز اٹک پل ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا جس کے بعد پشاور سے اسلام آباد جی ٹی روڈ پر دو طرفہ ٹریفک بحال کر دی گئی ہے جبکہ اٹک پل پر نصب رکاوٹیں دریا میں پھینکنے ، چوری کرنے ، کار سرکار میں مداخلت ،پولیس پر پتھرا ئو کے الزام میں 250نامعلوم افراد کے خلاف آٹھ سنگین دفعات کے تحت تھانہ اٹک خورد میں مقدمات درج کر لئے گئے ۔ اے ایس آئی تھانہ اٹک خورد محمد فیضان نے تھانہ اٹک خورد میں ایف آئی آر درج کرائی ۔ دوسری جانب موٹروے ایم ون ہارون پل اور چھچھ انٹرچینج تاحال بند ہے ، جلد کھلنے کی توقع ہے ،ٹیکسلا میں پنجاب کے داخلی راستوں پر بھی ٹریفک کی آمدورفت معمول پر آگئی، میانوالی میں سی پیک روڈ بند ہے ۔ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں متاثر ہونے والی انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے ۔ پی ٹی اے کے مطابق ایک ٹیلی کام آپریٹر کے نیٹ ورک میں آپٹیکل فائبر کیبل کٹنے سے سروس متاثر ہوئی تھی، انٹرنیٹ سروس میں خرابی مقامی اور گردونواح کے چند علاقوں تک محدود تھی، تکنیکی ٹیموں نے آپٹیکل فائبر کیبل کی مرمت اور سروس کی بحالی کیلئے کام کیا، جس کے بعد زیادہ تر علاقوں میں سروسز بحال کر دی گئیں، راولپنڈی اور اسلام آباد میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بحال ہو چکی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments