سینیٹ، قومی اسمبلی میں ادارہ جاتی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
چیئرمین سینیٹ سے سپیکر کی ملاقات، سیاسی، معاشی و سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال قومی مفاد مقدم، سیاسی قوتیں مکالمے ، باہمی مشاورت سے مسائل حل کریں:گیلانی
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے درمیان ادارہ جاتی تعاون مزید بڑھانے ، قانون سازی کے عمل کو مؤثر بنانے اور عوامی فلاح کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا،یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر قومی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا ، مسائل کا حل باہمی مشاورت، افہام و تفہیم اور سیاسی مکالمے کے ذریعے نکالا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان قومی اتفاقِ رائے اور مؤثر قانون سازی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے ، ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوان آئینی، جمہوری اور پارلیمانی روایات کے فروغ کے ساتھ ساتھ ملک کو درپیش سیاسی معاشی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments