جتنا کام،اتنی تنقید،جہاز کی بات ہوتی ہے،امن وامان،صفائی کی نہیں :مریم نواز
خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ پنجاب پر وارد ہوتا ہے ، یہ پیسہ کہاں سے آتا ہے ، اربوں کے ہیلی کاپٹر لے لیتے ، تنقید صرف پنجاب پر بزدار کے بعد حکومت سنبھالی تو بنیادی کام کرنے پڑے ، دہشتگرد جہاں سے ہو وہ دہشتگرد ہی ہے : کے پی افسروں سے گفتگو گوجرانوالہ کا دورہ ،محمود بشیر ورک مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت،ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں، الیکٹرو بس کے دو روٹس کا افتتاح
لاہور، گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر، نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جتنا ہمارا کام زیادہ نظر آتا ہے ، اتنی ہی تنقید اور حملے ہوتے ہیں، 10 کروڑ لوگوں کا علاج کیا، 43 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنائیں لیکن صرف جہاز پر بات کی جاتی ہے ۔ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پنجاب پر وارد ہوتے ہیں، سرکاری پولیس اور ایمبولینس استعمال کرتے ہیں، اربوں روپے کے ہیلی کاپٹر لئے جاتے ہیں، لیکن تنقید صرف پنجاب پر ہوتی ہے ۔نیشنل کمانڈ اتھارٹی سینئر آفیسر لیڈر شپ کورس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سکیورٹی کے داخلی خطرات کا مقابلہ گڈ گورننس اور پرفارمنس سے کیا جاتا ہے ۔ دہشتگرد جہاں سے بھی ہوں وہ دہشتگرد ہیں، افغانستان اپنی سرزمین کسی کو استعمال کرنے کی اجازت نہ دے ۔ پنجاب میں امن و امان کنٹرول میں ہے ، تاہم خطرہ مکمل ختم نہیں ہوا، اس لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت سنبھالی تو 70 علاقے نوگو ایریا کہلاتے تھے ، اب کوئی نوگو ایریا نہیں۔ بزدار کے بعد حکومت سنبھالی تو بنیادی نوعیت کے کام بھی نئے سرے سے کرنا پڑے ۔ پنجاب ون میپ کے ذریعے ایک کلک پر مختلف معلومات دستیاب ہیں، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت ایک لاکھ 30 ہزار گھر بن چکے جبکہ ایک لاکھ زیرتکمیل ہیں، 5 سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کا ہدف ہے ۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، کرپشن کے سدباب کیلئے اقدامات کئے گئے اور ایک ہزار پولیس اہلکاروں اور ریونیو ملازمین کو ملازمت سے نکالا گیا۔
ستھرا پنجاب کے ذریعے صوبے میں صفائی کا نظام بہتر کیا جا رہا ہے ، سڑکوں کے کنارے شجرکاری لازمی قرار دی گئی اور 5 کروڑ درخت لگائے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 40 اضلاع میں سیف سٹی اتھارٹیز کام کررہی ہیں، چیک پوسٹوں پر 24 گھنٹے نگرانی کی جاتی ہے ۔ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو عوام سے بدسلوکی اور رشوت سے روکنے کیلئے باڈی کیم لگائے جارہے ہیں، جبکہ ہجوم سے نمٹنے کیلئے سپیشل فورس قائم کی گئی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ الیکٹرو بسوں کے باعث اب بچے بسوں کی چھتوں پر لٹکتے نظر نہیں آتے ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں چاہے جتنی بڑھیں، الیکٹرو بس کا کرایہ 20 روپے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو وسائل اتنے ہی ملتے ہیں جتنے دیگر صوبوں کو، پنجاب کے حق کھانے کی بات دراصل نااہلیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے ۔ پنجاب میں لوگوں کو گھر بیٹھے امراض قلب، بلڈ پریشر اور انسولین کی ادویات مل رہی ہیں، جبکہ امراض قلب کے منتظر 15 ہزار بچوں کے آپریشن ہوچکے ہیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے گوجرانوالہ میں سابق ایم این اے مرحوم محمود بشیر ورک کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ انہوں نے گوجرانوالہ میں الیکٹرو بس کے 2 روٹس کا افتتاح کیا اور ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کا معائنہ کرتے ہوئے تکمیل کیلئے مارچ کی ڈیڈ لائن دی۔ ابتدائی طور پر چن دا قلعہ تا لوہیانوالہ اور کھیالی تا جنڈی نندی پور روٹس پر الیکٹرو بس چلائی جائے گی، تعمیرات مکمل ہونے پر 74 بسیں چلیں گی۔وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی تعمیر جلد شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ادارہ 50 کنال اراضی پر تعمیر ہوگا اور اس میں 268 بستروں کی سہولت ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments