پائیدار جمہوریت میں احتساب ضروری
لاہور (سیاسی نمائندہ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ قیادت کی اصل کامیابی مضبوط، قابلِ اعتماد اور عوامی خدمت کے ادارے قائم کرنا ہے ، جبکہ پائیدار جمہوریت صرف انتخابات سے نہیں بلکہ آئینی حکمرانی، نمائندہ اداروں اور احتساب سے قائم ہوتی ہے۔
لاہور کی نجی یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام قیادت، پائیدار جمہوریت اور قومی یکجہتی کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ جمہوریت اختلافِ رائے کو آئینی راستہ فراہم کرتی ہے اور اختلافات اداروں اور قانون کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔ اختلافِ رائے کو تقسیم کا سبب نہیں بننا چاہیے ،مضبوط ادارے ہی شہریوں کے اعتماد اور پائیدار جمہوریت کی بنیاد بنتے ہیں۔ پاکستان کی تقریباً دو تہائی آبادی 30 سال سے کم عمر ہے ، نوجوان قومی اور جمہوری زندگی کا اہم حصہ ہیں اور صرف مستقبل نہیں بلکہ آج ہی پاکستان کے قومی اور جمہوری مستقبل کی تشکیل کر رہے ہیں۔ جامعات کو نوجوانوں میں مکالمہ، تحقیق، فکری آزادی اور مثبت اختلافِ رائے کو فروغ دینا چاہیے ، طلبہ سوال اٹھائیں، شواہد پر بحث کریں اور دوسروں کی بات سنیں، کیونکہ اختلافِ رائے کو برداشت کرنا جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے ۔ نظام قانون کے مطابق چلنا چاہیے ، جہاں سب کو ان کے حقوق حاصل ہوں۔ جی سی یو واپس آنا بطور سپیکر پنجاب اسمبلی اور اولڈ راوین ان کیلئے خصوصی اعزاز ہے ، جی سی یونیورسٹی نے ان کی فکری اور علمی زندگی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments