ڈی آئی خان ـ: فائرنگ ، پولیس ، ایف بی آر کے 5اہلکار شہید ، شمالی وزیرستان : 5 خوارج ہلاک
ایف بی آر ملازمین کو ابہایا پل کے قریب جبکہ ٹریفک پولیس کے اہلکار کو بنوں روڈ پر مسلح افراد نے نشانہ بنایا سکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان و ملحقہ علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں ، 2خوارج زخمی بھی ہوئے
پشاور ،اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں پولیس اور ایف بی آر کے 5 اہلکار شہید ہوگئے ۔ڈی پی او ضیا الدین احمد کے مطابق ابہایا پل کے قریب مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایف بی آر کے 4 اہلکار شہید ہو گئے ،لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور ملزموں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے شہید ہونے والے دو اہلکار ایف بی آر کے مستقل ملازمین اور دو کنٹریکٹ پر تھے ۔ دوسری جانب بنوں روڈ پرٹریفک پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہو گیا جبکہ ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔ڈی پی او ضیاالدین احمد نے بتایا کہ ایف بی آر اہلکاروں اور ٹریفک پولیس کو دوران ڈیوٹی نشانہ بنایا گیا۔
جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان شہر اورگردونواح میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔دریں اثنا سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسزنے شمالی وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کے دوران پانچ خوارج ہلاک اوردو زخمی ہوگئے ۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیاں دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گرد عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادراوں کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اظہارِ تشکر کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments