خیبر پختونخوا میں ابتر گورننس ، خمیازہ عوام بھگت رہے ، وفاقی وزرا
دہشتگردی نے پھر سر اٹھا لیا ، صورتحال کی سنگینی کا احساس کرنا چاہئے ، بلا ل اظہر 13 سالہ کارکردگی سب کے سامنے عوام کو کیا ملا ؟ امیر مقام کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور وفاقی وزیر و مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما انجینئر امیر مقام نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور صوبائی حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے بڑھتے واقعات اور ابتر گورننس کا خمیازہ صوبے کے عوام بھگت رہے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ،صوبے میں امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہے ، خیبر پختونخوا پولیس دن رات دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہی ہے ،اگر صوبائی حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر اداروں کو مطلوبہ فنڈز اور اسلحہ فراہم کرنے کے لیے تیار نہیں تو اس کی نیت پر سوال اٹھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے دوران خیبر پختونخوا کی سیاسی قیادت کو صورتحال کی سنگینی کا احساس کرنا چاہیے ،دوسری جانب وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما انجینئر امیر مقام نے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی 13 سالہ حکمرانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان سمیت عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر صوبائی حکومت کی توجہ دکھائی نہیں دیتی۔امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کو مسلسل 13 سال سے اقتدار حاصل ہے ، تاہم اس کے باوجود صوبے کے حقیقی مسائل حل نہیں کیے گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام سے بڑے بڑے وعدے کیے تھے ، تاہم آج اس کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں خیبر پختونخوا کے عوام کو کیا ریلیف ملا؟وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ صوبائی حکومت کے پاس اپنی 13 سالہ کارکردگی کے طور پر پیش کرنے کے لیے کوئی قابلِ ذکر کامیابی نہیں، جبکہ صوبے کا بنیادی مسئلہ ابتر گورننس ہے ۔ امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو امن و امان کی بہتری، مسائل کے حل اور مؤثر حکمرانی کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments