شمالی وزیرستان:فورسز کا آپریشن،فتنہ الخوارج کے7دہشتگرد ہلاک

شمالی  وزیرستان:فورسز  کا  آپریشن،فتنہ  الخوارج  کے7دہشتگرد  ہلاک

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد، متعدد خفیہ ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے وزیراعظم ،صدر زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی کا فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرأت کو خراج تحسین

راولپنڈی ،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ، نامہ نگار )سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 خارجی ہلاک ہو گئے ۔کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ، اس کے علاوہ عزم استحکام وژن کے تحت کی جانے والی موثر کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے متعدد خفیہ ٹھکانے بھی مکمل طور پر تباہ کردیئے گئے ۔علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی بیخ کنی کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بدستور جاری ہے ۔ سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے۔

کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرأت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پْرعزم ہے اور دہشت گرد عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کو سراہا ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے بر وقت کارروائی کے دوران 7 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم اور اعلیٰ پیشہ و رانہ صلاحیتوں کو سراہا۔محسن نقوی نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...