خود کشی کرنیوالی طالبہ سے لاکھوں کا فراڈ، وزیراعظم کا نوٹس، ملزم اور ساتھی خاتون گرفتار

خود کشی کرنیوالی طالبہ سے لاکھوں کا فراڈ، وزیراعظم کا نوٹس، ملزم اور ساتھی خاتون گرفتار

قرارواقعی سزادلوائی جائے :شہبازشریف، ڈی آئی جی نے گرفتاری کی تصدیق کردی،نعمان اورفاطمہ کیخلاف مقدمہ درج یہ ہمارے لیے ٹیسٹ کیس ،ملوث افرادکوکیفرکردارتک پہنچائیں گے :وزیرداخلہ محسن نقوی ،متوفیہ کے گھرجاکرتعزیت

اسلام آباد (دنیا نیوز،نمائندہ دنیا،خصوصی رپورٹر )انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کی گولڈ میڈلسٹ 22سالہ طالبہ لائبہ اعجاز سے فراڈ کرنے والے ملزم نعمان اوراس کے ساتھ ایک خاتون کوبھی گرفتار کر لیا گیا، ڈی آئی جی آپریشن نے گرفتاری کی تصدیق کر دی،پولیس ذرائع کے مطابق ملزموں سے تفتیش کی جارہی ہے ،وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے ) نے ملزمان نعمان اور فاطمہ سرور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔قبل ازیں واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے اسے نوجوان طالبہ کی افسوسناک موت قرار دیا ، آئی جی اور چیف کمشنراسلام آبادکو ہدایت کی کہ مبینہ فراڈ میں ملوث شخص کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے ، آئی جی نے ابتدائی تحقیقات اور واقعے سے متعلق پیش رفت سے وزیراعظم کو آگاہ کر دیا۔

ادھروزیرداخلہ محسن نقوی 22سالہ طالبہ لائبہ اعجاز کے گھرپہنچ گئے، والد سے ملاقات کی اورتعزیت کااظہار کیا، اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھایہ ہمارے لئے ٹیسٹ کیس ہے، ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ طالبہ لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد انکشاف ہوا کہ ہونہار طالبہ کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے لئے داخلہ دلانے کے نام پر مبینہ طور پر لاکھوں روپے کا فراڈ کیا گیا،لائبہ نے اسلامی یونیورسٹی سے بی ایس میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا اور مزید تعلیم کے لیے بیرون ملک جانا چاہتی تھی، اہلخانہ کے مطابق ایک کنسلٹنٹ نے اسے امریکہ کی یونیورسٹی میں داخلہ دلانے کے لیے 70 لاکھ روپے طلب کیے جس پر اس کے والد نے پلاٹ فروخت کرکے 21 لاکھ روپے نقد ادا کیے جبکہ باقی رقم کے انتظام کے لیے والدہ کے زیورات بھی بینک میں رکھوائے گئے۔

طالبہ نے جب یونیورسٹی میں داخلے سے متعلق دستاویزات کی تصدیق کرائی تو وہ مبینہ طور پر جعلی نکلیں۔ اس انکشاف کے بعد وہ شدید پریشان تھی ، واقعے نے اہل خانہ کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے تاہم نعمان نامی ایک مبینہ ایجنٹ نے اسے امریکہ میں داخلہ دلانے کا جھانسہ دیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ ایجنٹ نے ہارورڈ یونیورسٹی کے نام سے جعلی سکالرشپ لیٹر تیار کیا اور طالبہ سے لاکھوں روپے حاصل کئے ، رقم مبینہ طور پر بینک ٹرانسفر کے ذریعے ادا کی گئی، ڈائریکٹر ایف آئی اے شہزاد ندیم بخاری بھی متوفی لائبہ اعجاز کے گھر پہنچ گئے ،اہلخانہ سے ملاقات کی اور واقعے کے متعلق دریافت کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...