غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ ، فراڈ کرنیوالے 37افراد گرفتار
غیر ملکیوں کو دھوکہ دیکر کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ٹرانزیکشنز کرنے کا انکشاف چھاپے کے دوران سینٹر سے 5کمپیوٹرز، 40لیپ ٹاپس،35موبائل فونز برآمد
لاہور(آئی این پی )لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 37 افراد کو گرفتار کر لیا۔این سی سی آئی اے لاہور سرکل نے جوہر ٹاؤ ن میں قائم کال سینٹر پر چھاپا مارا، جہاں سے غیر ملکی شہریوں کو دھوکا دے کر ان کے کریڈٹ کارڈز کے ذریعے غیر قانونی مالی ٹرانزیکشنز کرنے کا انکشاف ہوا۔ترجمان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق گرفتار ملزمان خود کو غیر ملکی موبائل کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کرکے بیرون ملک مقیم شہریوں کو دھوکا دیتے تھے ۔ملزمان فراڈ کے ذریعے غیر ملکی شہریوں سے ان کے کریڈٹ کارڈز کی تفصیلات حاصل کرتے اور بعد ازاں ان معلومات کو استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ٹرانزیکشنز کرتے تھے ۔ یہ سرگرمیاں جوہر ٹاؤ ن کے غیر قانونی کال سینٹر سے جاری تھیں۔این سی سی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ چھاپے کے دوران کال سینٹر سے 5 کمپیوٹرز، 40 لیپ ٹاپس اور 35 موبائل فونز برآمد کیے گئے ۔ کارروائی میں قبضے میں لئے گئے ڈیجیٹل آلات کی جانچ کے دوران فراڈ سے متعلق سافٹ ویئر اور ڈیٹا بھی برآمد ہوا۔ترجمان کے مطابق یہ آلات غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال کئے جا رہے تھے ۔ترجمان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق جوہر ٹاؤ ن میں کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے تمام 37 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ، معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments