قائداعظم ٹرافی: عتیق الرحمان، عاصم علی ناصر کی سنچریاں

قائداعظم ٹرافی: عتیق الرحمان، عاصم علی ناصر کی سنچریاں

کراچی بلوز کے 185 رنز کے جواب میں فیصل آباد نے 4 وکٹوں پر 426 رنز بنا کر 241 رنز کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی قائداعظم ٹرافی سلور میں پشاور وائٹس کے سجاد ابراہیم نے فرسٹ کلاس اننگز میں 17چھکے مار کر نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)قائداعظم ٹرافی گولڈ کے چوتھے راؤنڈ کے دوسرے روز فیصل آباد کے بلے بازوں عتیق الرحمان اور عاصم علی ناصر کی شاندار سنچریوں جبکہ نیاز خان اور موسیٰ خان کی تباہ کن باؤلنگ نے میلہ لوٹ لیا، دوسری جانب قائداعظم ٹرافی سلور میں پشاور وائٹس کے سجاد ابراہیم نے فرسٹ کلاس اننگز میں 17 چھکے جڑ کر نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا۔ ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کراچی بلوز کے 185 رنز کے جواب میں فیصل آباد نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 426 رنز بنا کر 241 رنز کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، جس میں عتیق الرحمان 135 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ عاصم علی ناصر نے 132 رنز بنائے ۔

شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں پشاور بلوز کی ٹیم 29.2 اوورز میں 122 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور سیالکوٹ بلوز کو 67 رنز کی پہلی اننگز کی برتری مل گئی، دوسری اننگز میں سیالکوٹ بلوز کی ٹیم 200 رنز پر آؤٹ ہو گئی ، نیاز خان نے 7 وکٹیں حاصل کر کے میچ میں 10 وکٹیں مکمل کیں۔ نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں لاہور وائٹس نے 182 رنز بنا کر ملتان پر 50 رنز کی برتری حاصل کی ۔ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں اسلام آباد کی ٹیم 306 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، جواب میں فاٹا کی ٹیم موسیٰ خان کی تباہ کن باؤلنگ 58 رنز کے عوض 6 وکٹیں کے سامنے 216 رنز پر ڈھیر ہو گئی، دریں اثنا قائداعظم ٹرافی سلور میں پشاور وائٹس کے سجاد ابراہیم نے لاڑکانہ کے خلاف محض 77 گیندوں پر 2 چوکوں اور 17 چھکوں کی مدد سے 139 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر فرسٹ کلاس کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا نیا ملکی ریکارڈ قائم کیا۔لاہور بلوز نے بہاولپور کو ایک اننگز اور 62 رنز سے شکست دے دی، آزاد جموں و کشمیر نے ڈیرہ مراد جمالی کو 9 وکٹوں سے زیر کر لیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...