راولپنڈی ، مری میں دفعہ 144 ، ڈبل سواری پر پابندی

راولپنڈی ، مری میں دفعہ 144 ، ڈبل سواری پر پابندی

ایک ماہ کیلئے جلسے ،جلوس ،ریلیوں ،دھرنوں ،ڈرونز کااستعمال ممنوع ،نوٹیفکیشنز جاری اسلام آباد میں بھی اجتماع یا اکٹھ کی ممانعت ، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ

راولپنڈی ،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، خصوصی رپورٹر)راولپنڈی ڈویژن کے دو اہم اضلاع میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر غیر معمولی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں، راولپنڈی اور مری میں دفعہ 144 نافذ کرکے ایک ماہ تک جلسے ، جلوس، ریلیوں ، دھرنے اور 5 یا زائد افراد کے اجتماعات ممنوع قرار دے دئیے گئے ہیں جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور ڈرونز کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی، وفاقی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے شہر میں کسی بھی قسم کے اجتماع یا اکٹھ کی اجازت نہ ہونے سے متعلق شہریوں کو آگاہ کیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر ایکٹ 2024 کے تحت بھی وفاقی دارالحکومت میں اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔

راولپنڈی کی ضلعی انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارشات پر جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق پابندیاں 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک برقرار رہیں گی، دونوں اضلاع میں 5 یا زائد افراد کے اجتماعات، جلسوں، جلوس، احتجاج، مظاہروں، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد ہوگی اور اس دوران اسلحے کی نمائش، اشتعال انگیز تقاریر، کیل دار ڈنڈوں، غلیل، بال بیئرنگ،پٹرول بم اور دھماکا خیز مواد لے جانے پر بھی پابندی ہوگی۔ نوٹیفکیشنز کے مطابق موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور ڈرونز کے استعمال کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔مری پولیس نے بتایا کہ پابندیوں کا مقصد شہریوں، سیاحوں، سرکاری عمارتوں اور حساس تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے ۔ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے تمام پولیس افسران کو دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ضلع راولپنڈی میں امن و امان کی صورت حال اور عوامی تحفظ کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، دھرنوں، ریلیوں، جلوس، مظاہروں، جلسوں اور احتجاجی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی، اسلحے کی نمائش، اشتعال انگیز اور نفرت انگیز تقاریر، پولیس کی جانب سے اجتماعات یا ٹریفک کی نقل و حرکت کے لیے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی اور ڈرون کے استعمال پر بھی ممانعت ہے ۔مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ پابندیاں 10 اکتوبر 2026 سے 8 نومبر 2026 تک 30 روز کے لیے نافذ العمل رہیں گی۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے متعلقہ اداروں کو حکم نامے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ادھر اسلام آبادضلعی انتظامیہ نے شہریوں پر واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر ایکٹ 2024 کی خلاف ورزی پر تین سال قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے ۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے گریز کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...