خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے مذاکرات ناگزیر :اسحاق ڈار
عمانی وزیرخارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس ،سعودی عرب کے تحفظ کا عزم ایسی شراکت داری آگے بڑھائیں گے جو دونوں کی امنگوں پر پوری اترے :البوسعیدی
اسلام آباد (وقائع نگار)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور عمان کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی روابط کا خیرمقدم اور خصوصی اقتصادی زونز اور آزاد تجارتی زونز میں زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے مطابق سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں، خطے میں تنائو کی بجائے کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارت کاری ناگزیر ہے اور آبنائے ہرمز اور باب المندب کے ذریعے جہاز رانی کی سلامتی اور آزادی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلطنت عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ سلطنتِ عمان کے وزیر خارجہ اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کو پاکستان آمد پر بے حد مسرت ہو ئی ہے ، ان کا یہ دورہ پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے سلسلے میں ہے جو ابھی نہایت کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمان کے وزیر خارجہ کے ساتھ اس اجلاس کی مشترکہ صدارت کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، ہماری بات چیت دوستانہ اور تعمیری ماحول میں ہوئی جو پاکستان اور عمان کے درمیان گہری دوستی، باہمی اعتماد اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے ۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کریں گے ، یہ پروٹوکول باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے ، ہم سفارتی، خصوصی سروس اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے باہمی ویزا استثنیٰ کے معاہدے پر بھی دستخط کریں گے ، اسحاق ڈار نے کہا ہم نے فلسطین کی سنگین صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا، فلسطینی عوام اور ان کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کے لیے پاکستان کی اصولی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا ہم نے افغانستان کی صورت حال اور سندھ طاس معاہدے سمیت علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا، پاکستان نے اس امر پر زور دیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف کسی بھی سرگرمی کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے ، سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے میں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارت کی جانب سے یک طرفہ طور پر اس معاہدے کو معطل رکھنے کا فیصلہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کی مضبوطی کا اعادہ کیا، یہ تعلقات مشترکہ تاریخ، جغرافیائی قربت، باہمی احترام اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے اور پائیدار روابط پر مبنی ہیں، دونوں فریقوں نے اس مضبوط بنیاد کو مزید مستحکم کرنے اور ایسی شراکت داری کو آگے بڑھانے کے عزم پر زور دیا جو دونوں ممالک کی امنگوں اور ترجیحات پر پوری اترے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments