سائبرکرائمزشکایات میں40فیصداضافہ،مالیاتی فراڈسرفہرست

سائبرکرائمزشکایات میں40فیصداضافہ،مالیاتی فراڈسرفہرست

این سی سی آئی اے کورواں سال ایک لاکھ48ہزار204شکایات موصول ہوچکیں مالیاتی فراڈ کی 71 ہزار 51 ، بلیک میلنگ، ہتک عزت کی 50 ہزار 782 شکایات نقالی کی 4 ہزار 60، دیگر جرائم کی 14 ہزار شکایات ، 1903گرفتاریاں ہوئیں

 اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران سائبر کرائمز کی شکایات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ اب تک ایک ہزار   903 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) کو رواں سال اب تک ایک لاکھ 48 ہزار 204 شکایات موصول ہوئیں جبکہ 2025 کے پورے سال میں یہ تعداد ایک لاکھ 4 ہزار 490 تھی۔ دنیا نیوز نے این سی سی آئی اے کو موصول ہونے والی سائبر کرائمز کی شکایات کی تفصیلات حاصل کر لیں۔تفصیلات کے مطابق مالیاتی فراڈ سائبر کرائمز کی شکایات میں سرفہرست رہا۔ رواں سال کے پہلے 9 ماہ میں مالیاتی فراڈ کی 71 ہزار 51 شکایات موصول ہوئیں جبکہ گزشتہ سال مالیاتی فراڈ کی 49 ہزار 982 شکایات درج کی گئی تھیں۔ بلیک میلنگ، ہراسانی اور ہتک عزت سے متعلق شکایات کی تعداد بڑھ کر 50 ہزار 782 ہو گئی جبکہ غیر مجاز رسائی سے متعلق 6 ہزار 796 شکایات موصول ہوئیں۔اعداد و شمار کے مطابق نقالی سے متعلق 4 ہزار 60، غیر قانونی سم کارڈز سے متعلق 169، فحش مواد سے متعلق 43 اور بچوں سے متعلق فحش مواد کی 66 شکایات موصول ہوئیں۔ نفرت انگیز تقاریر سے متعلق 251، ریاست مخالف سرگرمیوں سے متعلق 220، جعل سازی سے متعلق 162 اور انسانی سمگلنگ سے متعلق 20 شکایات درج کی گئیں جبکہ دیگر نوعیت کی شکایات کی تعداد 14 ہزار 149 رہی۔این سی سی آئی اے کے اعداد و شمار کے مطابق پیکا کے تحت ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی، سائبر دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر، الیکٹرانک دھوکا دہی اور جعل سازی کے 3 ہزار 361 مقدمات درج کیے گئے جبکہ اب تک ایک ہزار 903 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...