اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران منفی رجحان غالب رہا
سرمایہ کاروں کے محتاط ہونے سے مارکیٹ دباؤ کاشکار، انڈیکس 669پوائنٹس گرگیا بلند ترین سطح ایک لاکھ 66ہزار 988، کم ترین ایک لاکھ 64ہزار 60پوائنٹس رہی
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران منفی رجحان غالب رہا اور سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی کے باعث مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی۔ ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 669 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 66 ہزار 419 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری ہفتے کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 66 ہزار 988 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح ایک لاکھ 64 ہزار 60 پوائنٹس رہی، اس طرح انڈیکس نے ہفتے بھر 2 ہزار 927 پوائنٹس کے بینڈ میں کاروبار کیا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط رویہ اختیار کیا گیا، جس کے باعث انڈیکس اپنی بلند سطح برقرار رکھنے میں ناکام رہا ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر 2 ارب 15 کروڑ سے زائد حصص کے سودے ہوئے ، جن کی مالیت تقریباً 89 ارب روپے رہی۔ کاروباری سرگرمیوں کے باوجود مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ برقرار رہنے سے مجموعی مارکیٹ ویلیو میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی اعدادوشمار کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 89 ارب روپے کم ہوکر 18 ہزار 479 ارب روپے کی سطح پر آگئی۔ ماہرین کے مطابق آئندہ ہفتے مارکیٹ کی سمت کا تعین سرمایہ کاروں کے رویے ملکی معاشی صورتحال، اہم اقتصادی اعدادوشمار اور مارکیٹ میں تازہ سرمایہ کاری کے رجحان سے ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments