پی پی ایل ہیڈ آفس منتقلی معاملے پر غور کیا جائے ، قائم مقام گورنر

پی پی ایل ہیڈ آفس منتقلی معاملے پر غور کیا جائے ، قائم مقام گورنر

آپریشنل ضروریات، مالی وسائل کے مؤثر استعمال کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہئے اہم فیصلے مشاورت،طویل مدتی ادارہ جاتی مفاد کی بنیاد پر ہونے چاہئیں، اویس قادر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائم مقام گورنر سندھ سید اویس قادر شاہ نے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)کے ہیڈ آفس اور متعلقہ انتظامی امور کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی سے متعلق اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم فیصلے کے انتظامی، مالی، معاشی اور ملازمین پر مرتب ہونے والے اثرات کا جامع جائزہ لیا جانا چاہئے ،کراچی ملک کا اہم تجارتی و صنعتی مرکز ہے ، جہاں پی پی ایل کو بندرگاہ، کاروباری اداروں، سپلائرز اور تکنیکی خدمات کی سہولت میسر ہے ، سندھ میں کمپنی کی گیس فیلڈز اور پیداواری سرگرمیوں کے پیش نظر ہیڈ آفس کی منتقلی کے ممکنہ اثرات کا حقائق کی بنیاد پر جائزہ ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی بڑے انتظامی فیصلے میں ادارے کی آپریشنل ضروریات، مالی وسائل کے مؤثر استعمال اور کاروباری تسلسل کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہئے ، مجوزہ منتقلی کے نتیجے میں دفاتر، عملے ، ریکارڈ اور دیگر انتظامی امور کی منتقلی پر آنے والے اخراجات کا بھی جائزہ لیا جائے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ اس اقدام سے ادارے کی کارکردگی اور مالی استحکام کو کیا فائدہ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کراچی کی بندرگاہ اور موجودہ کاروباری ڈھانچہ آلات، تکنیکی سامان اور دیگر ضروری وسائل کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے مقام کی تبدیلی سے سپلائی چین، تکنیکی معاونت اور مقامی کاروباری اداروں کے ساتھ روابط پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جانا چاہئے ۔

انہوں نے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے معاملات کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی منتقلی کے فیصلے سے پہلے متعلقہ عملے سے مشاورت، ملازمین کی فلاح و بہبود اور ادارے کے تجربہ کار افرادی قوت کو برقرار رکھنے کے پہلوؤں پر غور ضروری ہے ، ایسے فیصلے شفاف طریقہ کار اور واضح انتظامی جواز کے تحت کیے جانے چاہئیں۔کسی بھی فیصلے میں ادارے کے مالی و انتظامی مفادات کو مقدم رکھا جائے ، مجوزہ منتقلی کے فوائد، اخراجات اور ممکنہ اثرات سے متعلق واضح معلومات سامنے لانا بہتر فیصلہ سازی کے لیے اہم ہے ۔قائم مقام گورنر نے زور دیا کہ پی پی ایل کے ہیڈ آفس کی کراچی میں موجودگی برقرار رکھنے کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور کسی حتمی فیصلے سے قبل مجوزہ منتقلی کا آزادانہ، تکنیکی، مالی اور انتظامی جائزہ مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا قومی اداروں سے متعلق اہم فیصلے شواہد، شفافیت، مشاورت اور طویل مدتی ادارہ جاتی مفاد کی بنیاد پر کیے جانے چاہئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...