این بی پی اور حبیب یونیورسٹی فاؤنڈیشن میں اشتراک

این بی پی اور حبیب یونیورسٹی فاؤنڈیشن میں اشتراک

باصلاحیت نوجوان خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے ذریعے بااختیار بنایاجائے گا

کراچی(بزنس ڈیسک)نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی)اور حبیب یونیورسٹی فاؤنڈیشن نے اعلیٰ تعلیم تک رسائی بڑھانے اور ملک بھر کی باصلاحیت نوجوان خواتین کے لیے تعلیمی مواقع پیدا کرنے کی غرض سے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔حبیب یونیورسٹی کیمپس کراچی میں منعقدہ دستخط کی تقریبِ تعلیم معاونت، خواتین کو بااختیار بنانے اور جامع سماجی ترقی میں حصہ ڈالنے کی کوششوں میں ایک اہم قدم ہے ۔اس شراکت داری کے تحت این بی پی ملک بھر سے تعلق رکھنے والی 13 طالبات کی چار سالہ اعلیٰ تعلیم کے اخراجات میں معاونت کرے گا جس کیلئے دیہی اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کو ترجیح دی جائے گی۔

این بی پی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین نوید اے خان نے کہا کہ این بی پی میں ہمارا یقین ہے کہ معیاری تعلیم تک رسائی زندگیوں کو بدل سکتی ہے اور ترقی کے نئے دروازے کھول سکتی ہے۔ حبیب یونیورسٹی کے ساتھ ہماری شراکت داری باصلاحیت نوجوان خواتین، بالخصوص پسماندہ کمیونیٹیز سے تعلق رکھنے والی طالبات کو ان کے تعلیمی عزائم کی تکمیل میں معاونت فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاس ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ اقدام ان طالبات کو ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے ، اپنے خاندانوں،کمیونیٹیز اور پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالنے کے قابل بنائے گا۔این بی پی کے گروپ چیف، ہیومن ریسورس مینجمنٹ گروپ مرزا محمد عاصم بیگ نے خواتین کے لیے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بینک کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ این بی پی کی خواتین کے لیے مواقع پیدا کرنے کی ایک مضبوط روایت رہی ہے، چاہے وہ مواقع بینک کے اندر فراہم کیے جائیں یا تعلیم تک رسائی اور بااختیار بنانے کے اقدامات کے ذریعے۔

این بی پی ڈویژنل ہیڈ، کیپبلیٹی، کلچر اینڈ کارپوریٹ امپیکٹ سمن عباسی نے باصلاحیت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو عملی کامیابیوں میں بدلنے کے لیے ادارہ جاتی سطح پر معاونت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ کارپوریٹ شعبے کی بامقصد شمولیت کس طرح ایک جامع معاشرے کی تشکیل اور آنے والی نسلوں کے لیے دیرپا قدر پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے ۔حبیب یونیورسٹی کے صدرواصف رضوی نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے این بی پی کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ این بی پی اس امر کو یقینی بنانے میں مدد دے رہا ہے کہ باصلاحیت افراد کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے کے مناسب مواقع ملیں۔ مفاہمت کی یادداشت پر حبیب یونیورسٹی فاؤنڈیشن کی ریسورس ڈیولپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین محمد طارق رفیع اور این بی پی کے گروپ چیف، ہیومن ریسورس مینجمنٹ گروپ مرزا محمد عاصم بیگ نے دستخط کیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...