وزیراعلیٰ سے اقوام متحدہ کے ادارے یونیڈو کے وفد کی ملاقات
معاشی ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات برداشت کرنے کے قابل انفرااسٹرکچر پر اتفاق ہنرمندی کی تربیت کو سرمایہ کاری کے ابھرتے مواقع سے ہم آہنگ کیا جائے ، مراد شاہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور اقوام متحدہ کے صنعتی ترقی کے ادارے (یونیڈو) کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل/منیجنگ ڈائریکٹر فاتو حیدرا نے جامع معاشی ترقی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے کے قابل انفرااسٹرکچر، دیہی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ یونیڈو نے اپنے پروگرام فار کنٹری پارٹنرشپ (پی سی پی) 2025-2030 کے تحت سندھ کے لیے ایک مخصوص ترقیاتی پروگرام کی خاطر تقریباً 40 ملین ڈالر جمع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔یہ اتفاق رائے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا، جس میں دونوں فریقوں نے یورپی یونین کے مالی تعاون سے جاری غربت کے خاتمے اور دیہی سندھ میں جامع ترقی کے پروگرام (پائیدار) پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔یونیڈو کے وفد میں ایشیا بحرالکاہل خطے کے سربراہ جی ژاؤ، یونیڈو کے قائم مقام انچارج بدرالاسلام اور پائیدار پروگرام کے قومی تکنیکی مشیر فاروق احمد صدیقی شامل تھے ۔وزیراعلیٰ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور۔۔
سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز (ایس پی ایچ ایف)کے اشتراک سے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے کے قابل آبادیوں کی منصوبہ بندی کے ذریعے سیلاب متاثرہ آبادیوں کی بحالی میں پروگرام کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے نئے کاروبار شروع کرنے یا موجودہ کاروبار کو وسعت دینے کے خواہش مند دیہی کاروباری افراد کے لیے معاونت کو بھی تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ ہدف کے مطابق مالی معاونت، کاروباری ترقی میں مدد اور منڈیوں تک رسائی دیہی سندھ میں روزگار پیدا کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کس طرح مددگار ثابت ہو سکتی ہے ۔وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ہنرمندی کی تربیت کو منڈی کی طلب اور سندھ میں سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقع سے ہم آہنگ کیا جائے ۔اجلاس میں یونیڈو کی جانب سے سندھ ڈیولپمنٹ پورٹ فولیو مینجمنٹ سسٹم (ایس ڈی پی ایم ایس) کی تیاری کے لیے فراہم کی جانے والی تکنیکی معاونت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یہ نظام محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے ۔فاتو حیدرا نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ پاکستان نے یونیڈو کے ساتھ پی سی پی فریم ورک پر دستخط کیے ہیں اور ادارہ صوبے کی ترقیاتی ضروریات اور ترجیحات کی بنیاد پر سندھ کے لیے مخصوص پروگرام تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments