وزیر خزانہ سے عالمی بینک آئی ایم ایف وفودکی ملاقاتیں
اسلام آباد (دنیا نیوز)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے عالمی بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اقتصادی استحکام برقرار رکھنے ، ساختی اصلاحات کے تسلسل، سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عالمی بینک کے وفد نے علاقائی بحران سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان نے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کرکے عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کی ہے ۔ اس پیش رفت کو پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کے تناظر میں اہم قرار دیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا حکومت کی اولین ترجیح حاصل کیے گئے معاشی استحکام کو سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنا ہے ، ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے ایک قابلِ پیش گوئی پالیسی ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے ۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور عالمی بینک کے نمائندوں نے نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے ، ضابطہ جاتی اصلاحات متعارف کرانے اور بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب آئی ایم ایف وفد سے ملاقات میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کے کردار پر بھی توجہ دی گئی، اس حوالے سے اصلاحاتی اقدامات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے خزانہ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیکے سبکدوش چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور نئے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل حسن خٹک سے ملاقات کی جس دوران آفات سے نمٹنے کی تیاری، موسمیاتی خطرات سے بچاؤ کی صلاحیت اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق خطرات سے نمٹنے کی قومی استعداد مضبوط بنانے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے موسمیاتی تبدیلیوں اور آبادی میں اضافے کو پاکستان کے دو وجودی چیلنجز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے معیشت کے استحکام، غذائی تحفظ، عوامی زندگی اور سرکاری مالی وسائل پر دور رس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیر خزانہ کو پاکستان کے طویل مدتی موسمیاتی پیش گوئی کے نظام بارے بریفنگ دی جو 12 ماہ تک کے موسمیاتی رجحانات کی پیش گوئی کر سکتا ہے اور اس کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments