اسلام آباد بلدیاتی الیکشن :آئی جی پولیس کو سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم
اسلام آباد (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے دوران سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے آئی جی پولیس کو ہدایات جاری کر دیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مواد کی حفاظت وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ ڈی آر اوز، آر اوز اور ان کے دفاتر کو انتخابات سے قبل، پولنگ کے روز اور بعد میں مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے ۔ہدایت نامے میں بیلٹ پیپرز کی وصولی، پیکنگ اور انتخابی مواد و پولنگ سٹاف کی ترسیل کے دوران سکیورٹی یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے لیے ڈی ایم او اور ڈی آر او کو مکمل معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔الیکشن کمیشن نے پرامن پولنگ کے لیے مناسب پولیس نفری تعینات کرنے ، ممکنہ تشدد روکنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کے لیے جامع ہنگامی منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا ہے ۔ہدایت کے مطابق الیکشنز ایکٹ 2017 اور اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ ہدایات پر عمل درآمد میں غفلت کی صورت میں الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 55 کے تحت کارروائی ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments