لسبیلہ : کوچ اور ویگن میں خوفناک تصادم،12افراد جاں بحق،21زخمی
ویگن کراچی سے لسبیلہ، کوچ کراچی کی جانب رواں دواں تھی، اوتھل زیرو پوائنٹ کے قریب تیز رفتاری کے باعث حادثہ جاں بحق ہونیوالوں میں 5 خواتین شامل، شدید زخمی کراچی منتقل، حادثے پر وزیر اعلیٰ سندھ کا افسوس، لواحقین سے تعزیت
کوئٹہ، لسبیلہ (کرائم رپورٹر، نمائندہ دنیا، مانیٹرنگ ڈیسک)اوتھل زیرو پوائنٹ کے قریب تیز رفتار کوچ اور ویگن کے درمیان خوفناک تصادم میں 12افراد جاں بحق اور 21زخمی ہوگئے ۔ شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہو نے والوں میں 5 خواتین اور 7 مرد شامل ہیں۔ زخمیوں کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، پولیس حکام کے مطابق کوچ گوادر سے کراچی اور وین کراچی سے لسبیلہ جا رہی تھی، کہ زیرو پوائنٹ کے قریب تصادم ہوگیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور ایدھی کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی جس کے بعد جاں بحق افراد کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل منتقل کر دیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو مزید طبی امداد کے لئے کراچی منتقل کیا گیا، حادثہ کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی متا ثر ہو ئی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے المناک ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ اوتھل میں کوچ اور وین حادثے پر انتہائی افسوس ہوا، سید مراد علی شاہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments