لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش ، ژالہ باری ،موسم سرد
لاہور ، اسلام آباد، مری (این این آئی،نیوز ایجنسیاں )لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری ،موسم سرد ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقہ گجومتہ، نشتر، چونگی، والٹن اورہربنس پورہ ،گلبرگ، ڈی ایچ اے ،ماڈل ٹاؤن، رائیونڈ روڈ پرگزشتہ روز بارش کے۔۔۔
ساتھ ژالہ باری ہوئی ،جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی ہوگئی جس کے بعد درجہ حرارت 27ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔آئندہ 24گھنٹوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے ۔ ادھر نارووال، شکرگڑھ، کرتارپور، نورکوٹ،اسلام آباد،راولپنڈی اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی جبکہ مری میں بارش کیساتھ شدید ژالہ باری ہوئی ۔دوسری طرف ایبٹ آباد ،نتھیا گلی ، گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہو ئی ،1 سے ڈیڑھ انچ تک برف ریکارڈ کی گئی جس کے بعد علاقہ میں سیاحوں کا رش بڑھ گیا ۔جی ڈی اے کے مطابق سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام مکمل کر کے ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ۔ خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی ۔ علاوہ ازیں مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہو گئیں جس سے لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے پر درجہ حرارت میں کمی ہو گئی۔ دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے گزشتہ روز پاکستان میں لاہور چھٹے نمبر پر رہا، شہر میں اسموگ کی اوسط شرح 172 ریکارڈ کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments