شارع فیصل بند کرنے کی دھمکی دہشتگردانہ طرز عمل، شرجیل میمن
اختلاف رائے ہر جماعت کا حق، کسی کو راستے بند ،شہر یرغمال بنانے کی اجازت نہیں تقسیم کی باتیں کرنا مضحکہ خیز ،ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے بیان پر ردعمل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلاف رائے ہر جماعت کا حق ہے ، لیکن شہریوں کو یرغمال بنانے کا دور گزر چکا، شاہراہ بھٹو اور شارع فیصل بند کرنے اور لوگوں کو راستوں سے نکلنے نہ دینے کی دھمکیاں جمہوری نہیں دہشت گردانہ طرز عمل ہے ۔ ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر تقسیم کی باتیں کرنا اور پھر اسی جمہوریت کے ثمرات کی دہائی دینا مضحکہ خیز ہے ، صوبوں کے حوالے سے سندھ اسمبلی اپنی قرارداد کی صورت میں موقف دے چکی ہے ، ڈویژنز کی صورت میں انتظامی یونٹس پہلے ہی موجود ہیں، ایم کیو ایم کا مطالبہ بچگانہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا نیا انتظامی یونٹس کا مطالبہ سیاسی ابہام پیدا کرنے کی کوشش ہے ، کسی سیاسی جماعت کو یہ حق نہیں کہ وہ عوام کے راستے بند کرے ۔ سینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا سندھی ٹوپی اور اجرک پہننے سے سندھ کی تقسیم کا مطالبہ جائز نہیں ہو جاتا، خاندانی سیاست کے نام پر دوسروں کو تنقید کا نشانہ بنانے سے پہلے ایم کیو ایم اپنی جماعت کے اندر جمہوریت کے طرز عمل کا جائزہ لے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments