فاٹا پاٹا:1120ارب کی درآمدات، 730ارب کا ریکارڈ غائب

فاٹا پاٹا:1120ارب کی درآمدات، 730ارب کا ریکارڈ غائب

ٹیکس چھوٹ سے خزانے کو نقصان کا تعین کرکے رقم وصول کی جائے ،چیئرمین سینیٹ کمیٹی

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹر،اے پی پی) سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اہم اجلاس سینیٹر سیف اﷲ ابڑو کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں ہوا، جس میں فاٹا و پاٹا کی ٹیکس چھوٹ سکیم کے مبینہ غلط استعمال، 1120 ارب روپے کے ٹیکس کی چوری اور لاہور میں چاندی بدلنے کی ہائی پروفائل ڈکیتی کیس کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی نے ڈی جی این سی سی آئی اے کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ ایف بی آراور ایف آئی اے کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2018 سے جون 2026 کے دوران فاٹا/پاٹا ٹیکس چھوٹ کے تحت 1120 ارب روپے کی درآمدات ہوئیں جبکہ محض 389 ارب روپے کے کنزمپشن سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے جس سے 730 ارب روپے سے زائد کا غیر مصدقہ فرق سامنے آیا ہے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق سٹیل میں 148 ارب 24 کروڑ، ٹیکسٹائل و فیبرک میں 146 ارب 95 کروڑ، فوڈ سیکٹر میں 100 ارب 88 کروڑ جبکہ گھی اور آئل میں 76 ارب 48 کروڑ روپے کا فرق موجود ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا قومی خزانے کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا تعین کرکے ہر قانونی طور پر واجب الادا روپیہ وصول کیا جائے ،کمیٹی نے فاٹا اور پاٹا ٹیکس چھوٹ سکیم کی تحقیقات میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اگلا اجلاس 16 نومبر کو ان کیمرا کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایف بی آر کو نومبر 2025 سے جاری تمام کنزمپشن سرٹیفکیٹس، ان کے عوض کی گئی ادائیگیوں، پے آرڈرز، معاون دستاویزات اور تصدیقی ریکارڈ سمیت مکمل تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کے دوسرے حصے میں ایف آئی اے اور سیف سٹی کے حکام نے سلور سوابنگ اینڈ ہسٹ کیس پر بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ ملزمان نے نہایت مہارت سے لاہور ایئرپورٹ سے نکلتے ہی کنٹینر کی نالی کی چاندی کو سیسے (Lead) کی سلاخوں سے بدل دیا تھا اور جعلی سیلیں لگائی تھیں۔ سیف سٹی کے کیمروں اور ڈیجیٹل فارانزک کی مدد سے بین الصوبائی گینگ کو بے نقاب کرکے 400 کلوگرام میں سے 214 کلوگرام اعلٰی معیار کی چاندی برآمد کر لی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...