کینسر کے مریضوں کیلئے 5 ارب کی ادویات خریدنے کا فیصلہ

 کینسر کے مریضوں کیلئے 5 ارب کی ادویات خریدنے کا فیصلہ

26ادویات کیلئے اڑھائی ارب ، بڈز پرسوں کھلیں گی،مریضوں کو مفت ملیں گی گزشتہ مالی سال 8 ادویات کی خریداری ، لاکھوں گولیاں ، ہزاروں انجیکشن تقسیم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)حکومت پنجاب کی جانب سے کینسر کے مریضوں کیلئے مالی سال 2025-26 اور 2026-27 میں 5 ارب روپے کی ادویات کی خریداری کا فیصلہ کر لیا گیا ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر مریضوں کو یہ ادویات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی، محکمہ صحت نے کینسر کی ادویات فراہمی کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کیلئے کینسر کی 26 ادویات کی خریداری کا عمل شروع کر دیا گیا جس کی تخمینہ لاگت 2 ارب 60 کروڑ روپے ہے ، ان ادویات کی خریداری کیلئے بڈ کھلنے کی تاریخ 13 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے ،اس اقدام سے لیوکیمیا، لمفوما، بریسٹ کینسر، کولوریکٹل اور پھیپھڑوں  کے کینسر سمیت دیگر اقسام کے کینسر کا علاج اب مزید آسان ہو گا۔ کینسر کی بعض ادویات ڈی ٹی ایل ٹیسٹنگ کے بعد آئندہ دنوں سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کو فراہم کی جائیں گی۔دوسری جانب مالی سال 2025-26 میں 8 اہم کینسر ادویات کی کامیاب خریداری اور تقسیم بھی مکمل کر لی گئی۔

کینسر سینٹرز کو ایمیٹینب 100 ملی گرام کی 50 لاکھ 16 ہزار 560 گولیاں،ڈوکسوروبیسن 50 ملی گرام کے 35 ہزار 200، پیکلیٹیکسل 150 ملی گرام کے 21 ہزار 880 انجیکشن تقسیم کر دیئے ،اسی طرح کاربوپلاٹن 450 ملی گرام کے 15 ہزار 400، ٹراسٹوزوماب 440 ملی گرام کے 1 ہزار 40 انجیکشن ہسپتالوں کو مل گئے ، نیلوٹینب کیپسول کی 14 لاکھ 86 ہزار 912 خوراکیں بھی مریضوں کیلئے تقسیم کر دی گئیں ۔ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ کینسر کے مریضوں کو اربوں روپوں کی ادویات کی مفت فراہمی انتہائی خوش آئند ہے ، لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ تعمیر و تکمیل کے مراحل میں ہے ۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عظمت محمود نے کہا کہ ادویات کی خریداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...