بادشاہ چارلس کاعوامی خدمت کیلئے عزم غیرمتزلزل :وزیراعظم

بادشاہ چارلس کاعوامی خدمت کیلئے عزم غیرمتزلزل :وزیراعظم

بادشاہ چارلس سوم کی سالگرہ کے موقع پرتقریب ،برطانوی ہائی کمیشن میں کیک کاٹاگیا تقریب دونوں ممالک میں مضبوط تعلقات کی عکاس :ہائی کمشنر جین میریٹ کا خطاب

 اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانوی بادشاہ چارلس سوم کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی عوامی خدمت کے لئے غیرمتزلزل عزم سے عبارت ہے ،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں،پاکستان اور برطانیہ کی گہری دوستی ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری کی بھی متقاضی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں بادشاہ چارلس سوم کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے برطانوی بادشاہ چارلس سوم اور شاہی خاندان کے افراد کو دلی مبارکباددی ،پاکستان اور برطانیہ کی دوستی کا رشتہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان 17 لاکھ پاکستانی نژاد برطانوی شہری مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں ، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 5.5 ملین پائونڈ تک پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے برطانیہ کے ساتھ گہرے علمی اور تاریخی روابط تھے ،انہوں نے کہا کہ برطانوی ہائی کمشنر کی دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں،جین میریٹ نے اقتصادی اور سفارتی تعلقات کے فروغ کے لیے بے پناہ خدمات انجام دیں ،دعا ہے پاکستان اور برطانیہ کے عوام کے درمیان محبت اور دوستی کا رشتہ ہر آنے والی نسل کے ساتھ مزید مضبوط ہو ،اس موقع پر سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا ،برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کی تقریب میں شرکت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاس ہے ،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے وزیراعظم کی کوششوں پر شکر گزار ہیں ،پاکستان کے ہر شہر کا اپنا حسن اور ذائقہ ہے ، پاکستان برطانیہ کا تیسرا بڑا دوطرفہ تجارتی شراکت دار ہے ،پاکستان اور برطانیہ تجارتی تعلقات کو مزید مواقع اور کامیابیوں میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں ،تقریب میں اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ ،عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...