مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی پہلی پوزیشن

 مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی پہلی پوزیشن

اردن کے غیر سرکاری عالمی ادارے نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کوبھی مشترکہ طور پر پہلے نمبر پرقراردیا، طیب اردوان پہلی پانچ شخصیات میں شامل یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید ، مصر کے عبدالفتاح السیسی، فلسطین کے محمود عباس ، مفتی تقی عثمانی ، مولانا طارق جمیل بھی فہرست کا حصہ ، یوسف رضا گیلانی ودیگر کی مبارکباد

اسلام آباد (دنیا نیوز، اپنے رپورٹر سے ) اردن کے (بین الاقوامی غیر سرکاری ادارے )رائل اسلامک سٹرٹیجک سٹڈیز سینٹر نے مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات کی فہرست جاری کر دی جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن دی گئی ہے ۔جاری فہرست کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان بھی مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہیں، فہرست میں پہلی مرتبہ پانچ شخصیات کو مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ترک صدر رجب طیب اردوان بھی پانچ بااثر ترین شخصیات میں شامل ہیں جبکہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای فہرست میں چوتھے ، اردن کے شاہ عبداللہ دوم پانچویں اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی چھٹے نمبر پر ہیں۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید، ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم ، مراکش کے شاہ محمد ششم ، انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، فلسطینی صدر محمود عباس اور شام کے صدر احمد الشرع کو بھی فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔

پاکستان کے معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی ، مولانا طارق جمیل بھی 500 بااثر شخصیات میں شامل ہیں، فہرست میں غزہ کے کمال عدوان ہسپتال کے سابق سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو سال کی نمایاں مرد شخصیت،ایران کے شہر میناب میں سکول پر امریکی حملے میں بچ جانے والی طالبہ فاطمہ زہرا شیخ آبادی نمایاں خاتون شخصیت قرار پائی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد دی اور کہا یہ لمحہ پوری قوم کے لیے باعثِ مسرت ہے ، انہوں نے کہا کہ ایک ایسے ادارے کی جانب سے یہ پذیرائی جس کی رائے کو دنیا بھر میں معتبر تسلیم کیا جاتا ہے ، اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی آواز آج عالمی سطح پر توجہ سے سنی جاتی ہے ۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عالمی فہرست میں شمولیت پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار کا مظہر ، پاکستان کی سفارتی اہمیت میں اضافے کی عکاسی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...