ECOوزرائے خارجہ کونسل اجلاس ، علاقائی تعاون ، اقتصادی روابط کے فروغ کا عزم

ECOوزرائے خارجہ کونسل اجلاس ، علاقائی تعاون ، اقتصادی روابط کے فروغ کا عزم

اجلاس کے پہلے روز اداروں کی رپورٹس کا جائزہ لے کر حتمی شکل دی گئی آج منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، وفود سربراہان اسلام آباد پہنچ گئے اسحاق ڈار کا وزرائے خارجہ کے اعزاز میں عشائیہ ،مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم ، سیکرٹری ای سی او سے ملاقات

 اسلام آباد (دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں،وقائع نگار )پاکستان کی میزبانی میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں دو روزہ اجلاس  شروع ہوگیا ، پہلے روز اجلاس کے مسودے کا ایجنڈا، سیکر ٹر ی جنرل کی سالانہ رپورٹ، کونسل آف پرمننٹ ریپریزنٹیٹوز (سی پی آر) کے اجلاسوں، شعبہ جاتی وزارتی اجلاسوں اور ای سی او کے مخصوص اداروں کی رپورٹس کا جائزہ لے کر انہیں حتمی شکل دی گئی جنہیں آج منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا ، اجلاس میں شرکت کے لئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت اقتصادی تعاون تنظیم کے متعدد رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، وفود کے سربراہان، ای سی او سیکرٹریٹ اور ای سی او کے ذیلی اداروں کے نمائندے اسلام آباد پہنچ گئے ، اجلاس میں اقتصادی روابط ،علاقائی تعاون ، تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور وسط ایشیا کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی زیر غور ہے ،اجلاس میں شرکت کیلئے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد ، ایس سی او کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد سعید مراد زادہ ، جمہوریہ ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ اور ترک وفد کے سربراہ موسیٰ کلاکلی ، قازقستان کے نائب وزیر خارجہ ، آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ النور ممدوف ، ترکمانستان کے نائب چیئرمین کابینہ وزرا ، وزیر خارجہ راشد مریدوف بھی اسلام آباد پہنچ گئے۔

تاجکستان کے وزیر خارجہ بھی اجلاس میں شریک ہوں گے ، جبکہ کرغزستان اور قازقستان کی نمائندگی نائب وزرائے خارجہ کریں گے ،افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت ہی نہیں دی گئی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس سے خطاب کریں گے ، جبکہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اظہار خیال کریں گے ،اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کے فروغ، علاقائی رابطہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے امور زیر بحث آئیں گے ، غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ، جبکہ ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا ،واضح رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین ہیں، پاکستان میں ہونے والے اس اجلاس کو خطے میں اقتصادی تعاون اور تجارتی روابط کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے ، اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا باقاعدہ اجلاس آج ہوگا ، جس کیلئے سیکر ٹر یز اور فوکل نمائندگان نے وزرائے خارجہ اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی ، اس حوالے سے اجلاس سے قبل ای سی او رکن ممالک کے سینئر حکام کا ایک اہم اجلاس ہوا۔

جس کی صدارت سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد نے کی، اجلاس میں ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں تنظیم کی سرگرمیوں اور پروگراموں کے ساتھ ساتھ ذیلی اداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا ، ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان نے تنظیم کی حالیہ سرگرمیوں کے بارے میں جائزہ پیش کیا۔ اس موقع پر اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے نمائندوں نے بھی اظہار خیال کیا ، ای سی او وزارتی اجلاس کا عنوان ریوائیونگ ریجنلزم فار اے ریزیلیئنٹ ای سی او رکھا گیا ہے ۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک میں پاکستان کے علاوہ ترکیہ، آذربائیجان، ایران، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان،ازبکستان اور افغانستان شامل ہیں ، ای سی او کے بنیادی مقاصد میں تجارت، معیشت، توانائی، ٹرانسپورٹ، تکنیکی اور ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے ، دریں اثنا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرا کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان سے ملاقات کی ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو عہدہ سنبھالنے کے بعد اسلام آباد کے پہلے دورے پر خوش آمدید کہتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم کو مسلم امہ کی ایک متحد اور موثر آواز بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اقتصادی تعاون تنظیم کے خطے میں علاقائی تعاون، باہمی روابط اور اقتصادی انضمام کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ سیکرٹری جنرل نے اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرا کونسل کے 30ویں اجلاس کے لیے پاکستان کے بہترین انتظامات، مہمان نوازی اور موثر رابطہ کاری کو سراہا ،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اقتصادی تعاون تنظیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور پاکستان کی صدارت کے دوران اس کی ترجیحات کی حمایت کرنے پر تنظیم کے سیکر ٹر یٹ کی کوششوں کو سراہا۔ مزید برآں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان کے اعزاز میں عشائیہ دیا دیا، عشائیہ میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، وفود کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معزز مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا ،انہوں نے ای سی او رکن ممالک کے درمیان قریبی تعلقات اور مشترکہ مفادات کو اجاگر کرتے ہوئے علاقائی تعاون کے فروغ اور امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...