لٹیرے عوام پر مسلط کیے جاتے ہیں ، انتخابی اصلاحات ناگزیر : حافظ نعیم
جماعت اسلامی نئے انتظامی یونٹس کی مخالف نہیں ،مریم نواز نے 15 ہزار سکول آؤٹ سورس کرکے تعلیم کا بیڑا غرق کردیا پٹرولیم اشو پر حکمرانوں کی جانب سے چکربازی نہیں ہونی چاہیے ، معاملہ کا پوری طرح تعاقب کیا جائیگا:منصورہ میں خطاب
لاہور (دنیا نیوز ، سٹاف رپورٹر،سیاسی نمائندہ ،مانیٹرنگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم نے کہاہے کہ جماعت اسلامی نئے انتظامی یونٹس کی مخالف نہیں تاہم یہ اقدامات آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق اٹھانے چاہئیں ۔منصورہ میں صوبہ پنجاب بھر کے ضلعی اور زونل نظم کے بڑے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور لیوی کے بتدریج خاتمہ کے لیے حکومت کو حتمی مسودہ دے دیا ، اب حکمرانوں کی جانب سے کوئی چکربازی نہیں ہونی چاہیے ، معاملے کا پوری طرح تعاقب کیا جائے گا۔ اجلاس سے نائب امرا لیاقت بلوچ، پروفیسر محمد ابراہیم خان، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ، ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے بجلی ، گیس ، پٹرول کی قیمتوں میں کمی ، متناسب نمائندگی کے تحت شفاف انتخابات ، بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد ، عوام کو صحت و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اور بلوچستان سمیت ملک کے دیگر خطوں میں امن و امان کے قیام کے ایجنڈا پر احتجاجی تحریک کو وسعت دیتے ہوئے بڑے عوامی جلسوں کے انعقاد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا ریاست عوام کو تعلیم و صحت کا حق فراہم کرنے کی ذمہ داری سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے۔
تاہم لوگوں کو بندوق اٹھانے اور منشیات کے استعمال کی سہولیات موجود ہیں ، ریاست چاہتی ہے کہ عوام کو حقوق فراہم کیے بغیر بزور طاقت اپنی رٹ قائم کرے ، بلدیاتی انتخابات میں ہر یونین کونسل میں جماعت اسلامی کے امیدوار ہوں گے ، آنے والے دنوں میں جماعت اسلامی بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔عوام کی رائے کے حصول کے بغیر نئے یونٹس کیسے بنیں گے ؟ ۔ مریم نواز نے 15 ہزار سکول آؤٹ سورس کرکے پنجاب میں تعلیم کا بیڑا غرق کردیا ہے ، نظام بدلنے کے لیے جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں ہے ۔ پنجاب کی آبادی پاکستان کی آدھی آبادی سے زیادہ ہے ، اگر پنجاب جاگ جائے تو ملک بھر میں انقلاب برپا ہو سکتا ہے ۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے تقریباً دس دور ہوئے ، حکومتی مذاکراتی ٹیم چار مرتبہ منصورہ آئی اور جماعت اسلامی کی قیادت سے مذاکرات کیے ، حکومت نے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی پیشکش کی تو جماعت اسلامی نے حکومتی ٹیم کو امیر جماعت اسلامی سے ملاقات کرکے اپنا مؤقف واضح کرنے کی دعوت دی، جماعت اسلامی کی پوری تنظیم اپنی ترتیب کے ساتھ کام کررہی ہے اور ملک کے سیاسی بحرانوں کے خاتمے کے لیے قومی محاذ پر جماعت اسلامی کا واضح اور دوٹوک مو قف موجود ہے ، پی ٹی آئی کی قیادت بھی جماعت اسلامی کے آئینی مو قف کی تائید اور حمایت کرتی ہے ، عوامی مسائل پر جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں سیاسی اور عوامی محاذ پر اس کی شناخت تسلیم کی جارہی ہے ، عوامی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کو اپنی جدوجہد اسی طرح جاری رکھنی چاہیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments