عمران کے الزامات کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں:ایچ آر سی پی
سیاسی وابستگی سے قطع نظر تمام قیدیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے ڈاکٹر یاسمین کی مسلسل قید ،علاج کی عدم دستیابی کے خدشات پربھی اظہار تشویش
لاہور(خبر نگار)ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی)نے سیاسی قیدیوں کے ساتھ ریاستی سلوک پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی وابستگی سے قطع نظر تمام قیدیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔ایچ آر سی پی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وفاقی آئینی عدالت، سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو لکھے حالیہ خط میں الزام عائد کیا ہے کہ انہیں اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو تنہائی میں رکھا گیا، اہلخانہ اور وکلا تک رسائی محدود کی گئی جبکہ مناسب طبی سہولیات بھی فراہم نہیں کی گئیں، ان الزامات کی فوری اور آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔
ایچ آر سی پی نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی مسلسل قید اور انہیں مبینہ طور پر درکار طبی علاج کی عدم دستیابی سے متعلق خدشات پر بھی تشویش ظاہر کی ہے ۔کمیشن کا کہنا ہے کہ سیاسی قیدیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کسی شخصیت یا سیاسی وابستگی کا معاملہ نہیں بلکہ قانون کی حکمرانی پر حملہ ہے ، ہر قیدی انسانی سلوک، مناسب طبی سہولیات، اہل خانہ اور وکلا تک رسائی اور شفاف ٹرائل کا حق رکھتا ہے ،عدالتوں کے تمام متعلقہ احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments