واشنگٹن پر ڈرنی بم سے حملے کا منصوبہ:امریکی میڈیا: ایران کی تردیدـ:بھاری قیمت چکانا پڑے گی،ٹرمپ

واشنگٹن پر ڈرنی بم سے حملے کا منصوبہ:امریکی میڈیا: ایران کی تردیدـ:بھاری قیمت چکانا پڑے گی،ٹرمپ

ایران کا بحرین میں امریکی ریڈار پر حملہ،دفاعی سازو سامان کو نقصان نہیں پہنچا:سینٹکام،جزیرہ قشم پر امریکی بمباری آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکرمیزائل کا نشانہ بن گیا،آگ بھڑک اٹھی ،یمن میں سعودی عرب کے حملے ، 14 جاں بحق

تہران،واشنگٹن،صنعا(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ  ڈیسک)امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ایران مبینہ طور پر واشنگٹن میں ڈرٹی  بم یا کیمیائی ہتھیاروں سے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ، جس کا ہدف ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار ہوسکتے ہیں۔ سی این این نے سات امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ امریکی انٹیلی جنس اداروں نے اس منصوبے سے متعلق معلومات حاصل کی ہیں، جن میں ممکنہ اہداف اور مقامات کی نشاندہی بھی شامل ہے ۔ تاہم امریکی حکام کے مطابق یہ منصوبہ فوری حملے کا ثبوت نہیں بلکہ ممکنہ کارروائی کے آپشنز تیار کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے ۔ تہران نے امریکا کے خلاف تابکار یا کیمیائی مواد سے تیار کردہ ڈرٹی بم کے حملے کی مبینہ سازش کی امریکی میڈیا کی رپورٹ مسترد کر دی۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے رپورٹ کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات پھیلائے جا رہے ہیں۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایسا کوئی خطرہ موجود ہوا تو ایران کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی،جو آج تک کسی دوسرے ملک نے نہیں چکائی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا مجھے امید ہے کہ ایسا کوئی خطرہ نہیں، لیکن ہم اسے انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں کیونکہ وہ (ایرانی حکام) واقعی پاگل ہیں۔ایران کا بحرین پر منگل کو پانچ روز کے دوران تیسرا ڈرون حملہ، دارالحکومت منامہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ۔

بحرینی فوج کے مطابق متعدد ایرانی فضائی حملے ناکام بنا کر ڈرون تباہ کر دئیے گئے ۔ ایران نے بحرین کی شیخ عیسیٰ ایئربیس پر امریکی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بحرین میں امریکی فوجی اڈے کے ریڈار کو نشانہ بنانے سے متعلق پاسدارانِ انقلاب کے دعوے کو جھوٹا قرار دیا ہے ، انہوں نے کہا ایران کی جانب سے بحرین کی طرف داغے گئے متعدد یک طرفہ حملہ آور ڈرون راستے میں ہی مار گرائے گئے اور اس کارروائی میں امریکی فوجی سازوسامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، جبکہ کسی امریکی اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع نہیں ہے ۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بحرینی وزیر خارجہ سے رابطہ کیا اور ایران کے بحرین پر حملوں کی مذمت کی ۔ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کے جنوبی جزیرے قشم پر دوبارہ بمباری کی ہے ۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جزیرہ قشم کے جنوب میں ایک امریکی ایم کیو-1 ڈرون کو مار گرایا ہے ۔ منگل کی صبح ہی پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی فورسز نے ایک امریکی ڈرون ایم کیو ایم 10 کے کنٹرول سسٹم کو ہیک کر کے اسے بحفاظت زمین پر اتار لیا اور اپنے قبضے میں لے لیا ہے ۔

امریکی فوجی اہلکار نے بتایا کہ ایران کے جزیرے قشم پر طیاروں نے ایرانی پاسداران انقلاب کے میزائل لانچنگ اڈے پر انتہائی درست نشانہ لگانے والے ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ اہلکار کے مطابق یہ کارروائی امریکی فوجی اہلکاروں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات کے جواب میں کی گئی۔ آبنائے ہرمز کے قریب عمان کے علاقے خصب سے تقریباً 7 بحری میل شمال میں پاناما کے پرچم بردار آئل ٹینکر ’’تارا گیس‘‘پر میزائل حملے کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم میں آگ لگ گئی اور جہاز ناکارہ ہوگیا، بھارتی وزیر بندرگاہیں سربانند سونووال نے بتایا کہ جہاز پر 25 افراد سوار تھے ، جن میں 24 بھارتی شہری شامل ہیں اور تمام محفوظ ہیں۔ تاہم برطانوی بحری ادارے یو کے ایم ٹی او نے دعویٰ کیا کہ جہاز پر دوسرا حملہ بھی ہوا اور عملے کے ارکان کا تاحال پتا نہیں چل سکا۔ ایرانی فوج کے ترجمان امیر اکرمنیا نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اسی صورت کھولی جائے گی کہ جب امریکا ایران کی سات شرائط تسلیم کرے گا۔ایران کی پارلیمان کے سپیکر باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ اگر آبی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا تو تہران بھی جوابی کارروائی کرے گا۔ ایران کے سابق شاہ کے بیٹے رضا پہلوی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ایرانی حکومت کے خلاف کارروائی مکمل کرے اور ایرانی عوام کو بااختیار بنائے ۔ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کے ساتھ آن لائن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کا جوہری ہتھیاروں کے حصول اور عالمی اثرورسوخ بڑھانے کا مبینہ منصوبہ دنیا کے لیے خطرہ ہے ۔یمن میں حوثی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فورسز کے حملے میں ایک فوم فیکٹری پر بمباری کے نتیجے میں 14 شہری جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...