بندرگاہوں کی استعدادکار میں اضافہ ناگزیر:شہباز شریف

بندرگاہوں کی استعدادکار میں اضافہ ناگزیر:شہباز شریف

باہمی اشتراک سے کام کیا جائے ، سامان کلیئرنس جدیدخطوط پراستوارکریں کاروبار کیلئے سازگار ماحول دینگے :وزیراعظم، اینڈیور گروپ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو خطے میں ایک اہم تجارتی اور ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کے لیے بندرگاہوں کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے ۔ ملک کی بندر گاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے امور پر اجلاس میں شرکا  سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار بڑھانے اور معاشی ترقی کے لئے ہماری بندرگاہوں کا انتہائی اہم کردار ہے ۔بندرگاہوں سے متعلق تمام ادارے باہمی اشتراک سے کام کریں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر متعلقہ امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ کاروباری برادری کو سہولت فراہم ہو اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو ایک جدید، مستحکم اور عالمی معیار کے مطابق مسابقتی ادارہ بنانے کے لیے جامع اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی این ایس سی کے بحری بیڑے میں اضافے کے لیے قابل عمل منصوبہ بندی کی جائے۔

تاکہ ملکی درآمدات و برآمدات کے لیے اپنی شپنگ سہولیات کو فروغ دیا جا سکے ۔دریں اثنا شہباز شریف سے اینڈیور گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، حکومت انہیں اپنے کاروبار شروع کرنے اور وسعت دینے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری سوچ پاکستان کی معاشی ترقی کے اہم محرکات ہیں، حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے اشتراک کو فروغ دے رہی ہے ۔ وزیر اعظم نے وفد کو بتایا کہ حال ہی میں اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا گیا ہے جس میں اسٹارٹ آپس کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔وزیراعظم نے اینڈیور گروپ پر زور دیا کہ وہ پاکستانی کاروباری افراد کی استعداد کار بڑھانے ، ان کی عالمی سطح پر رہنمائی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے روابط کے فروغ میں اپنا کردار مزید مؤثر بنائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...