ملکی نظام کی ناکامی پر بلاول نے دیر سے آواز اٹھائی، حلیم عادل
اگر بلاول کے پی میں گورنر راج کیخلاف تو اپنے گورنر سے استعفیٰ دلوانا چاہیے بلاول پورا سچ بولیں،سندھ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا،پریس کانفرنس پر رد عمل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے عوامی مسائل اور ملک کے نظام کی ناکامی پر بہت دیر سے آواز اٹھائی ہے ۔ پیپلز پارٹی کی 18 سالہ حکمرانی نے سندھ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، کراچی کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے ، سڑکیں تباہ حال اور اسپتالوں میں ادویات ناپید ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے خلاف ہیں تو انہیں اپنی جماعت کے گورنر سے استعفیٰ دلوانا چاہیے ۔ پی ٹی آئی کے انتخابی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر مخصوص نشستیں تقسیم کی گئیں اور اس سے مستفید ہونے والوں میں پیپلز پارٹی بھی شامل ہے ۔ کراچی کی پانچ میں سے چار قومی اسمبلی کی نشستیں پیپلز پارٹی کو دی گئیں، بلاول جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کے حامی ہیں تو یہ نشستیں واپس کریں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کی منظوری میں شریک رہی، اس لیے بلاول بھٹو قوم کے سامنے پورا سچ بیان کریں اور ان ترامیم کے خلاف ووٹ دینے کا اعلان اور قوم سے معافی مانگیں ۔ حلیم عادل شیخ نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف سندھ حکومت اور پولیس نے سیاسی انتقامی کارروائیاں کیں، صوابی میں جلسے کے دوران کراچی میں پی ٹی آئی کے 64 کارکنوں کو ایم پی او کے تحت قید رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، بدانتظامی اور معاشی بدحالی پر بلاول بھٹو کی تنقید درست ہے ، تاہم پیپلز پارٹی اپنے حکومتی کردار اور ذمہ داریوں سے انکار نہیں کرسکتی۔ سندھ میں بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی، ایمبولینسوں کی کمی، کتے کے کاٹنے کی ویکسین کی عدم دستیابی، ایڈز کے باعث اموات، تباہ حال سڑکوں، اسکولوں میں کتابوں اور اسپتالوں میں ادویات کی قلت صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments