ٹرمپ کا بھارت سمیت14ممالک پر نیاوار:20سے40فیصد تک ٹیرف عائد
اضافی پیداواری صلاحیت پر چین کو 40، ویتنام35، بھارت کو 25 فیصد محصولات کاسامنا تجارتی جنگ کسی کے مفاد میں نہیں:چین، تجارت سست،مہنگائی بڑھنے کا خدشہ:ماہرین
واشنگٹن،بیجنگ(نیوز ایجنسیاں) امریکا نے چین، بھارت اور یورپی یونین سمیت بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے محصولات (ٹیرف)عائد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔یہ محصولات مختلف صنعتی شعبوں میں ضرورت سے زیادہ پیداوار اور اضافی پیداواری صلاحیت سے متعلق سیکشن 301 کی تحقیقات کے بعد عائد کیے جا رہے ہیں۔اس تحقیق میں بھارت کے علاوہ چین، یورپی یونین، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ویتنام، تائیوان، بنگلہ دیش اور جاپان شامل ہیں۔مختلف ممالک اور مختلف مصنوعات پر مختلف شرحوں سے محصولات عائد کیے جائیں گے ۔چین کو سب سے زیادہ 40 فیصد تک محصولات کا سامنا ہو گا۔ ویتنام پر 35 فیصد تک محصولات عائد کیے جائیں گے ، جبکہ دیگر ممالک کو 20 یا 25 فیصد تک محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔کچھ ممالک پر 25 فیصد تک محصولات عائد ہوں گے ، جن میں تھائی لینڈ اور بھارت شامل ہیں۔ جاپان سمیت دیگر ممالک کو 20 فیصد تک محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔امریکا کے تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے کہا کہ نئے محصولات امریکی ورکرز کے لیے مواقع کو مساوی بنائیں گے اور عالمی معیشت کے لیے ایک نئے اور زیادہ پائیدار راستے کا تعین کریں گے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے بہت سے تجارتی شراکت داروں نے کئی دہائیوں سے ایسی صنعتی حکمت عملیاں اپنائی ہیں جن میں ‘مینوفیکچرنگ کو ہدف بنانا، اجرتوں اور محنت کشوں کو دبانا اور دیگر ایسی پالیسیاں شامل ہیں جو منڈی کو مسخ کرتی ہیں، تجارتی توازن کو اپنے حق میں جھکاتی ہیں اور امریکا کے صنعتی شعبے کو کمزور کرتی ہیں۔
تاہم ماہرینِ معاشیات نے خبردار کیا ہے کہ محصولات مہنگائی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں اور اگر کاروباری ادارے بڑھتی ہوئی لاگت صارفین پر منتقل کریں تو اشیا کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ عالمی تجارت کو بھی سست کر سکتے ہیں۔اس اعلان سے امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے ۔ دنیا کی یہ دو بڑی معیشتیں اس وقت بھی تجارتی تنازع اور مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں ایک دوسرے کے مقابل ہیں،امریکا اور چین جوابی محصولات کی ایک جنگ میں بھی الجھے ہوئے ہیں۔گذشتہ ہفتے ٹرمپ اور صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے باوجود دونوں فریقوں نے تجارتی جنگ میں جنگ بندی کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا۔ یہ جنگ بندی 10 جنوری کو ختم ہونے والی ہے ۔یورپی کمیشن نے نئے امریکی محصولات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی وجوہات کا جائزہ لے گا۔ کمیشن نے نشاندہی کی کہ محصولات کی شرح 15 فیصد کی اس حد تک محدود ہے جس پر پہلے ہی اتفاق کیا جا چکا تھا۔ چین نے امریکا کی جانب سے چین اور دیگر تجارتی شراکت داروں پر نئے محصولات عائد کرنے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واشنگٹن پر تجارتی تعلقات مستحکم رکھنے پر زور دیا ہے ۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا کہ تجارتی جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، مساوات، باہمی احترام اور مفادات کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں۔ترجمان نے چین کی صنعتی اضافی پیداواری صلاحیت سے متعلق امریکی موقف مسترد کرتے ہوئے اسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جانے والا بے بنیاد جواز قرار دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments