پنجاب اسمبلی:ارکان کی عدم دلچسپی،وقفہ سوالات 15 منٹ میں ختم
ندیم قریشی کے رانا ارشد کی سرخ ٹائی پردلچسپ تبصرے ،ٹریفک پولیس پرتنقید راحیلہ خادم کی جعلی پانی کی کمپنیوں کے خلاف تحریک التوا کمیٹی کے سپرد کردی گئی
لاہور (سیاسی نمائندہ) پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے آٹھ منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئر راجہ شوکت بھٹی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی عدم دلچسپی نمایاں رہی۔ ابتدائی کارروائی کے دوران اپوزیشن کے صرف نو اور حکومتی بینچوں پر دس ارکان موجود تھے ۔ ارکان کی عدم دلچسپی کے باعث وقفہ سوالات بھی صرف 15 منٹ میں ختم ہوگیا۔اپوزیشن رکن ندیم قریشی نے پینل آف چیئر اور اسمبلی اسٹاف سے مطالبہ کیا کہ محکموں کو ارکان کے سوالات بروقت بھجوائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین صاحب اسمبلی اسٹاف کو پابند کریں کہ سوالات جلد محکموں کو ارسال کیے جائیں۔ آج ہمت کرکے رولنگ دیں، یقین کریں کچھ نہیں ہوگا۔ حکومت اپنا کورم پورا نہیں کرسکتی تو پھر ہمیں خدا حافظ کہہ دینا چاہیے ، چار چار گھنٹے بعد اجلاس بلانے کا کیا فائدہ ہے ۔ندیم قریشی نے حکومتی رکن رانا ارشد کی سرخ ٹائی پر بھی دلچسپ جملے کستے ہوئے کہا کہ رانا ارشد روزانہ نیا سوٹ اور نئی ٹائی پہن کر آتے ہیں۔ جس عمر میں سرخ ٹائی ملتی ہے ، وہ تو ویلنٹائن ڈے ہوتا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج ایوان میں ارکان کی تعداد صرف چھ ہے ۔ اس پر پینل آف چیئر راجہ شوکت بھٹی نے کہا کہ رانا ارشد ذہنی طور پر بوڑھے نہیں ہوئے ، ان کا دل جوان ہے ۔اپوزیشن رکن ندیم قریشی نے ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے بجائے عوام کے چالان کر رہی ہے ، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ایک موٹرسائیکل سوار جا رہا ہوتا ہے تو ٹریفک پولیس اہلکار آگے سے آ جاتا ہے ۔ وقت کی وزیراعلیٰ کے پاس وقت تھوڑا رہ گیا ہے ۔ بلاول بھٹو کی ٹک ٹک اب ٹک ٹک ہوگئی ہے اجلاس میں راحیلہ خادم حسین کی جعلی پانی کی کمپنیوں کے خلاف تحریک التوا کمیٹی کے سپرد کردی گئی۔ معاملے پر محکمہ فوڈ سکیورٹی تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا۔ اپوزیشن رکن ندیم قریشی نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت جعلی اشیاء کے خلاف کوئی قانون سازی کرتی ہے تو اپوزیشن اس کا ساتھ دے گی، جس پر راجہ شوکت بھٹی نے معاملہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments