عمران خان کے مقدمات کی لائیو سٹریمنگ ضروری :شیخ وقاص

 عمران خان کے مقدمات کی لائیو سٹریمنگ ضروری :شیخ وقاص

نئے صوبوں بارے بحث پارلیمانی کمیٹی کے سپرد ،سندھ کی تقسیم کے حق میں نہیں بلاول گورنرکے پی فارغ اور نشستیں سرنڈر کریں:‘‘دنیا مہربخاری کیساتھ’’ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ عمران خان کے مقدمات کی لائیو سٹریمنگ ضروری ہے اور ایسا ہونا  بھی چاہیے ۔ یہ پاکستان میں پہلی بار نہیں ہو رہا، ہم نے کوئی غیر معمولی درخواست نہیں دی۔ سپریم کورٹ میں بھی مقدمات کی لائیو سٹریمنگ ہوتی رہی ہے ۔پروگرام ‘‘دنیا مہربخاری کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ شفافیت اور انصاف ہو۔ عدالت میں کیا ہو رہا ہے ، عوام کو بھی یہ دیکھنا چاہیے ۔ عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ عمران خان کو کس معاملے میں اور کہاں سے پھنسایا گیا ہے ۔نئے صوبوں سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عمران خان کا اس حوالے سے واضح پیغام آ چکا ہے ۔ اس معاملے پر بحث پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کی گئی ہے ۔ کمیٹی کے دو تین اجلاس ہوں گے ، جن میں سفارشات مرتب کرکے عمران خان کو بھجوائی جائیں گی۔ عمران خان نے کبھی نئے صوبوں کی مخالفت نہیں کی، تاہم تحریک انصاف سندھ کی تقسیم کے حق میں نہیں ہے ۔

اس معاملے میں تحریک انصاف سندھ کے عوام کی رائے کو مدنظر رکھے گی۔ اسد قیصر مولانا فضل الرحمن سے رابطے میں ہیں۔ مولانا سے جو بھی بات ہوتی ہے ، اسد قیصر انہیں آگاہ کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو ایک طرف وزیراعظم کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور دوسری طرف عمران خان سے دوستی کا ہاتھ بڑھانے کی بات کر رہے ہیں، جو ان کی سمجھ سے بالاتر ہے ۔ جب بھی بلاول بھٹو نے عمران خان کی صحت سے متعلق بات کی، ہم نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ کوئی بھی شخص عمران خان کی صحت کے حق میں اور ان کی ناحق اسیری کے خلاف بات کرے گا تو ہم اس کے مشکور ہوں گے ۔ بلاول بھٹو باتیں تو کرتے ہیں، لیکن خیبرپختونخوا میں گورنر فیصل کریم کنڈی ہمارے لوگوں کو گرفتار کروا رہے ہیں۔ اگر بلاول بھٹو واقعی عمران خان سے تعلقات بہتر بنانے میں سنجیدہ ہیں تو انہیں عملی اقدامات کرنا ہوں گے ، خیبرپختونخوا سے اپنے گورنر کو فارغ کریں اور نشستیں سرنڈر کریں۔سہیل آفریدی کے بارے میں ابھی کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ہے اور انہیں عدالت میں بھی پیش نہیں کیا جا رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...