عمران خان کی سیاسی قید پر بھی ریفرنڈم کرائیں : نئے صوبوں پر پنجاب اور سندھ اسمبلی سے منظور شدہ قراردادوں کی حمایت کرتے ہیں : بلاول
پنجاب اسمبلی میں صوبے کیلئے ن لیگ کی حکومت میں قرارداد منظور،سندھ اسمبلی نے تقسیم کی قرار داد متعدد بار مسترد کی،ریفرنڈم کے بغیر پارلیمان سے سرائیکی صوبہ بناسکتے پارلیمان سے باہر فیصلے حتمی ہوں گے نہ ملک کیلئے بہتر،حکومت اور اپوزیشن میں اعتماد کا فقدان، نظام کا ری سیٹ جمہوری ہونا چاہیے :چیئرمین پیپلزپارٹی کا ملتان میں خطاب
ملتان (لیڈی رپورٹر،دنیا نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں پر پنجاب اور سندھ اسمبلی سے منظور شدہ قراردادوں کی حمایت کرتے ہیں،عمران خان کی سیاسی قید پر بھی ریفرنڈم کرائیں ۔ملتان میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے ، جبکہ پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان بھی اعتماد کی کمی پائی جاتی ہے ،ملک کے نظام کا ری سیٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے ، جس کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے ۔ملک کے تمام فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہئیں،فیصلے پارلیمان سے باہر کیے جائیں گے تو وہ حتمی نہیں ہوں گے اور ایسے فیصلے ملک کے لیے بہتر ثابت نہیں ہوں گے ۔جب تک یہ طے نہیں کر سکتے کہ سسٹم کولیپس کیوں ہوا، اسے بحال نہیں کیا جا سکتا۔
اس بات پر ریفرنڈم کرالیں کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں یا نہیں ، نہ میں 9 مئی میں ملوث ہوں نہ کسی کو گالی دے رہا ہوں، نظر آرہا ہے ہمیں مزید مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا، اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں خاموش نہیں کرایا جا سکتا، سیاستدان کا کام ہوتا ہے زمینی حقائق بتائے ۔ پنجاب اسمبلی میں صوبے کے حوالے سے قرارداد مسلم لیگ ن کی حکومت میں منظور ہوئی۔ریفرنڈم میں ٹائم ضائع کیے بغیر سرائیکی صوبہ پارلیمان میں اتفاقِ رائے سے بنا سکتے ہیں، جنوبی پنجاب صوبے کو سندھ کی تقسیم سے جوڑنا اتفاقِ رائے کو متنازعہ بنانے کی کوشش ہوگی۔ سندھ اسمبلی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف قرار داد متعدد بار مسترد کی، اس سے ریفرنڈم کی ضرورت ہوگی نہ کسی متنازعہ اقدام کی ضرورت ہوگی، میں پنجاب کی تقسیم کے خلاف ہوں، میں نے پنجاب کے چار ٹکڑے کی بات کبھی نہیں سنی۔انہوں نے کہا وفاقی حکومت آئی ایم ایف کو مطمئن رکھنے کے لیے صوبوں سے سرپلس کی مد میں حصہ لیتی ہے ، جس میں سب سے زیادہ حصہ صوبہ پنجاب دیتا ہے جو شاید 900 بلین سے بھی زیادہ ہے اور یہ حصہ جنوبی پنجاب پر خرچ ہونا چاہیے لیکن وہاں استعمال نہیں کیا جاتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونا چاہیے ۔ جب تک صاف اور شفاف انتخابات نہیں ہوں گے اور انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد بحال نہیں ہوگا، اس وقت تک انتخابات یا ریفرنڈم متنازعہ رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ بار جب وہ ملتان آئے تھے تو شہر سیلاب میں ڈوبا ہوا تھا، سیلاب کے بعد یہاں کے عوام کے حالات انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھے اور لوگ انتہائی مشکل دور سے گزر رہے تھے ، اس مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور نمائندوں نے پنجاب کے عوام کا جس طرح ساتھ دیا، وہ اس بات کی مثال ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے ۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج ملک قدرتی آفت سے تو نہیں گزر رہا، تاہم معاشی مشکلات ضرور درپیش ہیں، سیاست دانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو زمینی حقائق سے آگاہ کریں، انہیں خدشہ ہے کہ معاشی بحران کے باعث ملکی حالات میں بہتری کے بجائے مزید خرابی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے ساتھ کھانے پینے کی اشیا، پیٹرول اور بجلی کے بھاری بل عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں، جبکہ ڈی اے پی کھاد اور مہنگے ڈیزل کے باعث کسان بھی پریشانی کا شکار ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک کے تمام فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہئیں، اگر فیصلے پارلیمان سے باہر کیے جائیں گے تو وہ حتمی نہیں ہوں گے اور ایسے فیصلے ملک کے لیے بہتر ثابت نہیں ہوں گے ، قائداعظم نے پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں ہتھیار نہیں اٹھائے بلکہ جمہوری انداز میں جدوجہد کرکے ملک حاصل کیا تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے صحافی ملک کی طاقت ہوا کرتے تھے اور اپنے قلم کے ذریعے حکومتیں بناتے اور گراتے تھے ، وہ کسی کی حکومت گرانا نہیں چاہتے ، تاہم ان کی خواہش ہے کہ صحافی ایسا کردار ادا کریں کہ حکومت میں بیٹھے لوگوں کو آئینہ دکھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سیاست دان ایک دوسرے کی تعریفیں کرتے رہیں اور صحافی بھی یہی روش اختیار کرلیں تو اس سے کوئی بہتری نہیں آئے گی۔ صحافیوں کو تنقید کے ذریعے سیاست دانوں کی اصلاح کرنی چاہیے تاکہ وہ بہتر فیصلے کرسکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments