مکہ دفاعی اتحاد، آج اور کل اسلام آباد میں سہ ملکی اجلاس

مکہ دفاعی اتحاد، آج اور کل اسلام آباد میں سہ ملکی اجلاس

سعودی و ترک وزرا، ملٹری چیفس کی آمد ،اسلام آباد ،راولپنڈی میں آج تعطیل،بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند یمن تنازع ایجنڈے کا اہم نکتہ،معاہدے کے امور کو درست سمت دینے کیلئے متواتر اجلاس ضروری:خواجہ آصف

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی،مانیٹرنگ ڈیسک)مکہ دفاعی اتحاد کے تحت آج اور کل اسلام آباد میں سہ ملکی اجلاس ہوگا جس میں سعودی عرب اور یمن میں حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری تنازع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ، اس سلسلے میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، وزیر دفاع خالد بن سلمان اور ملٹری چیف جبکہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان، وزیر دفاع اور ترک ملٹری چیف پاکستان پہنچے ہیں۔ اسلام آباد مکہ دفاعی معاہدے کے سب سے بڑے فیصلہ ساز فورم، یعنی سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس کی آج میزبانی کرے گا۔ اجلاس تھری پلس تھری فارمیٹ کے تحت ہوگا۔ اجلاس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور ملٹری چیفس شریک ہوں گے ۔ سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس سے قبل تمام تر ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ذیلی کمیٹیوں کی سطح پر اجلاس پہلے سے جاری ہیں، جو آج دن 12 سے 1 بجے تک جاری رہیں گے ۔ اس سے قبل بھی تینوں ممالک کے درمیان دفتر خارجہ میں رواں ماہ اجلاس ہو چکے ہیں۔ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور ملٹری چیفس مکہ دفاعی معاہدے کا اگلا لائحہ عمل طے کریں گے ۔ اجلاس کے سائیڈ لائنز پر دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، یہ مکہ دفاعی معاہدے کی سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہوگا۔ پہلا اور افتتاحی اجلاس ترکیہ میں ہو چکا ہے ، جس میں مکہ دفاعی معاہدے کا سیکرٹری جنرل بھی مقرر کیا گیا تھا۔ پہلے سیکرٹری جنرل کا تعلق پاکستان سے ہے اور انہیں تین سال کے لیے مقرر کیا گیا ہے ۔ اس کے بعد دوسرا اور ہنگامی اجلاس سعودی عرب میں ہو چکا ہے ۔ اب یہ تیسرا اجلاس ہونے جا رہا ہے ۔ اس وقت مکہ دفاعی معاہدے کا سیکرٹریٹ قائم ہو چکا ہے اور سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے علاوہ ذیلی کمیٹیاں بھی بن چکی ہیں، جن کے اجلاس اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہو رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی و سیاسی تعاون کو مزید مضبوط بنانے ، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔جبکہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اس کمیٹی کے سیکرٹری جنرل نعمان محمود بھی اجلاس کے انتظامی اور ادارہ جاتی امور میں کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کو بتایا ہے کہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے حکام کل اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب اور یمن میں حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری تنازع پر تبادلہ خیال کریں گے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب کے جنوب میں مسلسل جاری بدامنی واضح طور پر اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگی اور یہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اس معاہدے کے مطابق سعودی عرب کو لاحق کوئی بھی خطرہ پاکستان اور ترکیے کے لیے خطرہ ہے اور یہ بات بالکل واضح ہے۔

انہوں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء سمیت وسیع علاقوں پر قابض حوثیوں کے ساتھ تنازع سے نمٹنے کے حوالے سے سعودی عرب کی حکمتِ عملی کو بھی سراہا۔وزیر دفاع نے کہا کہ مکہ معاہدہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر ہمیں اس معاہدے کے تحت ترتیب دئیے جانے والے امور کو درست سمت دینے کے لیے تواتر کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی ضرورت ہے ، تاکہ آئندہ چند مہینوں میں تمام انتظامات مکمل ہو جائیں اور ہم آگے بڑھ سکیں۔خواجہ آصف نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ایک ممکنہ خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے کسی تنازع یا جارحیت کا امکان موجود ہے ، اس لیے خطے کے ممالک کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ادھر اسلام آباد میں جمعے کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں سرکاری دفاتر بند رہیں گے ۔تاہم ایم سی آئی، سی ڈی اے ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دفاتر بدستور کھلے رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آئیسکو، سوئی ناردرن گیس اور ہسپتالوں میں معمول کے مطابق کام جاری رہے گا۔اسلام آباد پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری میں کہا ہے کہ غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں خصوصی ٹریفک انتظامات کیے جائیں گے ۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق جمعرات شام 6 بجے سے ہفتے 28 نومبر کی رات ساڑھے 12 بجے تک موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے بھاری گاڑیوں کا اسلام آباد اور راولپنڈی میں داخلہ بند رہے گا۔دونوں شہروں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والا فیض آباد بس ٹرمینل بھی اسی دوران بند رہے گا۔اس کے علاوہ جمعرات رات 10 بجے سے ہفتے کی رات ساڑھے 12 بجے تک میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس سیونتھ ایونیو سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ کے درمیان معطل رہے گی۔مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریل 3 اور 5 جمعہ 27 نومبر کو صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک عام شہریوں کے لیے بند رہیں گے ۔پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پابندیوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گھر سے نکلنے سے پہلے سرکاری ذرائع سے ٹریفک کی تازہ صورت حال معلوم کر لیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...