جنوبی پنجاب میں محرومی کی سیاست کرنیوالوں کی دکان بند کر دی : مریم نواز

جنوبی پنجاب میں محرومی کی سیاست کرنیوالوں کی دکان بند کر دی : مریم نواز

وعدہ کرنے نہیں،وعدے سے وفا ہونے کا بتانے آئی ہوں، تمام عمر کرائے کے گھر میں رہنے والوں کو چھت مبارک ہو یہ گھر نہیں ایک بہن کا اپنی بیٹی، ماں اور باپ کیلئے تحفہ:تقریب سے خطاب ، زخمی اے ایس آئی کی ویڈیو لنک کال پر عیادت

لاہور،ملتان(سٹاف رپورٹر،خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ نے جنوبی پنجاب کی محرومی کی سیاست کرنیوالوں کی دکان بندکر دی، اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی کامیابی پر دنیا  نے بلا کر انعام اور اعزاز دیا،اپنی چھت،اپنا گھر کے اتنی زیادہ تعداد میں مالکان دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے ۔جنوبی پنجاب کے بھائیوں اور بہنوں کی مشکور ہوں جنہوں نے عزت سے نوازا۔ تمام عمر کرائے کے گھر میں رہنے والوں کو اپنی چھت مبارک ہو،ملتان میں اپنی چھت،اپنا گھر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے بعد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے یہ پروگرام شروع کروایا۔

قائد نواز شریف نے ہدایت کی کہ پانچ سالوں میں پانچ لاکھ گھر نہیں بلکہ دس لاکھ گھر بنانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں سے وعدہ کرنے نہیں بلکہ وعدے سے وفا ہونے کا بتانے آئی ہوں۔2026 کی سردی میں ہزاروں خاندان اپنے گھر کے آنگن میں دھوپ سینکیں گے ۔ سٹیڈیم میں ایسے باپ بیٹے ہیں جن کی آدھی کمائی کرایوں میں چلی جاتی تھی۔ آج ان کی کمائی ان کے خاندان، گھر کے سامان بنانے میں صرف ہورہی ہے ۔جنوبی پنجاب کے لوگوں کے خواب کی تعبیر نہیں بلکہ میرا خواب پورا ہوا ہے ،جوکہ ایک سال پہلے ناممکن لگتا تھا۔ یہ گھر نہیں بلکہ ایک بہن کا اپنی بیٹی، ماں اور باپ کیلئے تحفہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام جنوبی پنجاب نہیں، پنجاب نہیں، پاکستان کا نہیں، ایشیا کا نہیں بلکہ دنیا کا سب سے بڑا سستا پروگرام ہے ، کہا جاتا تھا کہ ضمانت کے طور پر پلاٹ رکھ لیں لیکن مجھے اپنی عوام پر پورا بھروسہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر کے ڈھائی لاکھ خاندانوں میں سے ایک بھی ڈیفالٹر نہیں ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت اگلے ڈھائی سالوں میں ہزاروں گھر بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مفرور ملزموں کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے اے ایس آئی اصغرکی کوویڈیو لنک کال کی اور ان کی عیادت کی ، اے ایس آئی کو وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ریسکیو ون ون ٹو ٹو ایئرایمبولینس پر علاج کیلئے ملتان لایاگیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس ٹیم میں شامل بشیر کی بھی عیادت کی اور پولیس ٹیم کے رکن رضوان اورطارق کو شاباش دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...