بلوچستان، پختونخوا میں فورسز کی کارروائیاں، خارجی کمانڈر سمیت 16 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان، پختونخوا میں فورسز کی کارروائیاں، خارجی کمانڈر سمیت 16 دہشتگرد ہلاک

نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگر د مارے گئے ، ٹھکانے تباہ ،اسلحہ برآمد :آئی ایس پی آر باڑہ میں آپریشن کے دوران خارجی کمانڈر خمیم کے 3ساتھی بھی ہلاک ہوئے ، صدر، وزیراعظم کا فورسز کو خراج تحسین

 اسلام آباد،کوئٹہ ،باڑہ (مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی،نامہ نگار)سکیورٹی فورسز کی بلوچستان اور پختونخوا میں دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں جاری، خارجی کمانڈر سمیت 16 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔ادھر صدرمملکت آصف علی زرداری ،وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔پاک فوج کے شعبئہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں،20 نومبر کو ضلع نوشکی میں شدت پسند وں کے مبینہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور وہاں کارروائی کے دوران 8 شدت پسند ہلاک ہوئے ،ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 21 نومبر کو ضلع سبی میں ایک اور کارروائی کے دوران 2 دہشتگرد مارے گئے ،22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ میں ہونے والی مزید کارروائیوں میں 2 دیگر شدت پسند ہلاک ہوئے اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ادھر پختونخوا کے ضلع باڑہ میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں خارجی کمانڈر خمیم عرف راف خیبری 3ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا،خارجی کمانڈر دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھااوراس نے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کی دھمکی آمیز ویڈیوبھی پوسٹ کی تھی ۔

حکام نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دوسری طرف ایوان صدرسے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف موثر کارروائیوں اور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا اورکہا کہ فتنہ الہندوستان اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے ، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیرِ اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ،پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ،شہداء اور غازیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،بلوچستان میں امن و ترقی کے دشمنوں کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...